• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

عیدالاضحیٰ کا دوسرا دن: قربانیوں کا سلسلہ جاری

شائع August 2, 2020
عیدالاضحیٰ پر مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اپنے جانور اللہ کی راہ میں قربان کرتے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
عیدالاضحیٰ پر مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اپنے جانور اللہ کی راہ میں قربان کرتے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پیش نظر پاکستان بھر میں دوسرے دن بھی عیدالاضحیٰ احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔

ملک بھر کے مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی میں مصروف ہیں تاہم عیدالفطر کی طرح عیدالاضحیٰ پر بھی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: جب گائے کا رسی چھڑا لینا ہی بہت بڑی 'تفریح' ہوتا تھا

عیدالاضحیٰ کے پہلے دن کی نسبت دوسرے دن جانوروں کی قربانی میں نمایاں کمی دیکھنے کو ملی ہے تاہم ملک بھر میں صفائی کی ناقص صورتحال اور آلائشیں اٹھانے میں سستی کے سبب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

کورونا وائرس کے باعث کراچی میں سڑکوں پر جانوروں کی قربانی کی اجازت نہیں تھی اور صرف حکومت سندھ کی جانب سے مختص کیے گئے ذبیحہ پوائنٹس پر ہی قربانی کی اجازت ہے تاکہ صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جاسکے اور عید الاضحی کے موقع پر آلائشیں ہٹانے کا کام آسانی سے انجام دیا جاسکے۔

تاہم اس کے باوجود شہر میں جگہ جگہ آلائشوں کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں لیکن اس کے باوجود شہری انتظامیہ غائب نظر آتی ہے اور صفائی کی ناقص صورتحال اور تعفن کے سبب عوام کا سانس لینا بھی محال ہو گیا ہے۔

سیکریٹری بلدیات سندھ روشن علی شیخ نے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور ڈی ایم سیز کی حدود میں آلائشوں کو اٹھانے کے عمل جائزہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں کورونا کے باعث احتیاطی تدابیر کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ روشن علی شیخ نے کہا کہ تمام ڈی ایم سی اور سالڈ ویسٹ بورڈ مشترکہ اقدامات بروئے کار لارہے ہیں اور ہر ڈسٹرکٹ کی حدود میں آلائشوں کے حوالے سے ڈمپنگ پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اجتماعی قربانیوں کے لئے مختص مقامات پر لوگوں نے فریضہ قربانی سر انجام دیا اور ڈی ایم سیز کا عملہ مستقل طور پر صفائی کے عمل میں مصروف ہے۔

کراچی کی طرح ملک کے دیگر شہروں لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، پشاور، فیصل آباد اور دہگر شہروں میں بھی جگہ جگہ آلائشوں کے ڈھیروں کے سبب شدید اور تعفن اور بدبو کا راج ہے۔

علاوہ ازیں اسلام آباد میں وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے عید کے موقع پر قبرستان اور مزارات بھی بند ہیں۔

تاہم حکام کی جانب سے کیسز کی دوسری لہر کے خدشات کے باعث بارہا وارننگ اور ایس او پیز پر عمل کرنے کی درخواستوں کے باجود کچھ مقامات پر سماجی دوری کی خلاف ورزی کی گئی اور بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔

مزید پڑھیں: عید الاضحٰی اور ہمارا اجتماعی رویہ

خیال رہے کہ ماہرین نے کورونا وائرس کے خلاف جلد کامیابی کے اعلان کے ساتھ عیدالاضحیٰ کے بعد کیسز میں اضافے سے خبردار کیا ہے جیسا کہ جون میں عیدالفطر کے بعد کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔

ملک بھر میں 31 جولائی سے لے کر 2 اگست تک جبکہ سندھ میں 3 اگست تک عام تعطیل ہے، اس دوران تمام سرکاری، نیم سرکاری، نجی ادارے بند رہیں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے بارہا عوام سے سادگی سے عیدالاضحیٰ منانے اور قربانی کے وقت کورونا وائرس سے متعلق حفاظتی تدابیر کا خیال رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024