• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

'پاکستان، خطے کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے دشمن کے عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں'

شائع August 1, 2020
ہم اس موقع پر بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ بھی کرتے ہیں، جنرل قمر جاوید باجوہ — فائل فوٹو / آئی ایس پی آر
ہم اس موقع پر بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ بھی کرتے ہیں، جنرل قمر جاوید باجوہ — فائل فوٹو / آئی ایس پی آر

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجودہ کا کہنا ہے کہ ہم دشمن کے عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں کہ وہ پاکستان اور خطے کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے تاہم پاک فوج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عیدالاضحیٰ پر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا اور عید اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں اور افسروں کے ساتھ منائی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے ایل او سی کے کھوئی رٹہ سیکٹر کا دورہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: جنرل قمر جاوید باجوہ کی ایل او سی پر فوجی جوانوں کے ساتھ عید

انہوں نے اگلے مورچے پر تعینات افسران اور جوانوں کے ساتھ عید کے روز وقت گزارا اور ان کے حوصلے، آپریشنل تیاریوں اور مسلسل موثر نگرانی پر انہیں سراہا۔

جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ عیدالاضحیٰ غیر مشروط قربانی کا مظہر ہے اور قربانی کے اس جذبے کو فوجی جوان سے بہتر کوئی نہیں جان سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس موقع پر بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ بھی کرتے ہیں جو مشکلات کے باوجود استصواب رائے کے حق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم دشمن کے عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں کہ وہ پاکستان اور خطے کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے، تاہم پاک فوج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم اور آرمی چیف کی لائن آف کنٹرول پر جوانوں سے ملاقات

لائن آف کنٹرول پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

بعد ازاں جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (ای ایف آئی سی) اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈزیز (این آئی ایچ ڈی) کا بھی دورہ کیا اور سینٹر آف ایکسیلنس اِن پریوینشن اینڈ کارڈیوویسکیولر ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔

واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر پاکستان بھر میں احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے۔

ملک بھر کے مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی میں مصروف ہیں تاہم عیدالفطر کی طرح عیدالاضحیٰ پر بھی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024