• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

ملک بھر میں کورونا کے باعث احتیاطی تدابیر کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائی گئی

شائع August 1, 2020 اپ ڈیٹ September 8, 2020
نمازِ عید کی ادائیگی کیلئے اجتماعات منعقد کیے گئے—  فوٹو : رائٹرز
نمازِ عید کی ادائیگی کیلئے اجتماعات منعقد کیے گئے— فوٹو : رائٹرز

عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر پاکستان بھر میں احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائی گئی۔

ملک بھر کے مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی میں مصروف ہیں تاہم عیدالفطر کی طرح عیدالاضحیٰ پر بھی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کو مدنظر رکھا گیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں نمازِ عید کی ادائیگی کے لیے روح پرور اجتماعات منعقد کیے گئے۔

مزید پڑھیں: عوام عیدالاضحیٰ سادگی سے منائیں، وزیراعظم کی اپیل

اسلام آباد میں فیصل مسجد میں نمازِ عید کا سب سے بڑا اجتماع منعقد ہوا، لاہور کے گورنر ہاوس ، باغ جناح ، بادشاہی مسجد سمیت بیشتر مساجد اور دیگر مقامات پر عید کی نماز ادا کی گئی۔

کوئٹہ میں 180 سے زائد مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوئے جن میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر امت مسلمہ کی فلاح و بہبود اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور کورونا وائرس کی وبا کے خاتمے کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں عید کی نماز پڑھی۔ گورونر سندھ نعمران اسمٰعیل نے گورنر ہاؤس کی مسجد جبکہ گورنر پنجاب چوہدری سرور، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور دیگر نے بھی سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے گورنر ہاؤس لاہور میں عید کی نماز پڑھی۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور دیگر وزرا نے گورنر ہاوس پشاور میں نماز عید ادا کی، اس موقع پر صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔

— فوٹو: اے پی
— فوٹو: اے پی

نماز عید کی ادائیگی کے بعد ملک کے ہر حصے میں سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: عیدالاضحیٰ کی نماز کیلئے عیدالفطر والے ایس او پیز ہوں گے، وزیر داخلہ

کورونا وائرس کے باعث کراچی میں سڑکوں پر جانوروں کی قربانی کی اجازت نہیں تھی اور صرف حکومت سندھ کی جانب سے مختص کیے گئے ذبیحہ پوائنٹس پر ہی قربانی کی اجازت ہے تاکہ صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جاسکے اور عید الاضحی کے موقع پر آلائشیں ہٹانے کا کام آسانی سے انجام دیا جاسکے۔

—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: اے ایف پی

علاوہ ازیں اسلام آباد میں وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے عید کے موقع پر قبرستان اور مزارات بھی بند تھی۔

تاہم حکام کی جانب سے کیسز کی دوسری لہر کے خدشات کے باعث بارہا وارننگ اور ایس او پیز پر عمل کرنے کی درخواستوں کے باجود کچھ مقامات پر سماجی دوری کی خلاف ورزی کی گئی اور بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔

خیال رہے کہ ماہرین نے کورونا وائرس کے خلاف جلد کامیابی کے اعلان کے ساتھ عیدالاضحیٰ کے بعد کیسز میں اضافے سے خبردار کیا ہے جیسا کہ جون میں عیدالفطر کے بعد کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔

ملک بھر میں 31 جولائی سے لے کر 2 اگست تک جبکہ سندھ میں 3 اگست تک عام تعطیل ہے، اس دوران تمام سرکاری، نیم سرکاری، نجی ادارے بند رہیں گے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے بارہا عوام سے سادگی سے عیدالاضحیٰ منانے اور قربانی کے وقت کورونا وائرس سے متعلق حفاظتی تدابیر کا خیال رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024