سندھ میں عیدالاضحیٰ کی تعطیلات میں ایک روز کا اضافہ
حکومت سندھ نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات میں ایک روز کا اضافہ کردیا ہے۔
محکمہ خدمات، عمومی انتظامیہ و روابط کی جانب سے جاری نئے نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ صوبائی حکومت نے عید کی تعطیلات میں ایک روز کا اضافہ کردیا ہے اور اب صوبے بھر میں 3 اگست بروز پیر تک عیدالاضحیٰ کی چھٹیاں ہوں گی۔
واضح رہے کہ دو روز قبل حکومت سندھ نے عیدالاضحیٰ کے لیے جمعہ سے اتوار تک 3 روزہ تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں: حکومت سندھ نے بھی عیدالاضحیٰ کی 3 روزہ تعطیلات کا اعلان کردیا
محکمہ خدمات، عمومی انتظامیہ و روابط کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ سندھ میں عیدالاضحیٰ کی تعطیلات 31 جولائی سے 2 اگست تک ہوں گی۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے 31 جولائی سے 2 اگست تک عیدالاضحیٰ کی تین روز کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔
21 جولائی کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ذی الحج کا چاند نظر نہ آنے اور عید الاضحی یکم اگست بروز ہفتہ منانے کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت کا عیدالاضحیٰ کی تین روزہ تعطیلات کا اعلان
اس کے بعد وزارت مذہبی امور کی جانب سے بھی ملک بھر میں عیدالاضحیٰ یکم اگست کو منانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
قبل ازیں جولائی کے اوائل میں وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے عیدالاضحیٰ سادگی اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ منانے کی درخواست کی تھی تاکہ ملک میں کم ہوتے کورونا وائرس کے کیسز میں دوبارہ اضافہ نہ ہو۔