• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 3:29pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 3:29pm

نیب قانون پر بلیک میل نہیں کیا، ایف اے ٹی ایف پر حکومت کی چوری پکڑی، احسن اقبال

شائع July 31, 2020
مسلم لیگ (ن) کے رہنما کے مطابق حکومت کو اپنی چوری پکڑے جانے پر تکلیف ہے — فوٹو: ڈان نیوز
مسلم لیگ (ن) کے رہنما کے مطابق حکومت کو اپنی چوری پکڑے جانے پر تکلیف ہے — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے حکومت کو قومی احتساب بیورو (نیب) کے قانون پر بلیک میل نہیں کیا بلکہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) پر حکومت کی چوری پکڑی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ 2 سالوں میں دنیا میں اتنے کاروبار بند نہیں ہوئے جتنے عمران خان کی حکومت میں بند ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں آپ سے کوئی سہولت نہیں چاہیے، پاکستان کے عوام کو سہولت اور جینے کا حق دیں، آج جس ملک کی معیشت ختم ہوجاتی ہے اس کا دفاع بھی ختم ہوجاتا ہے۔

مزید پڑھیں: ایف اے ٹی ایف سے متعلق دونوں بلز سینیٹ سے بھی منظور

احسن اقبال نے کہا تھا کہ عمران خان این آر او کی تسبیح پڑھ کر پاکستان کی معیشت کی تباہی پر پردہ نہیں ڈال سکتے، آج پاکستان کے دفاع کو خطرہ ہے، بھارت دفاع کا نیا ساز و سامان خرید رہا ہے اور ہمارے پاس بجٹ میں جاری اخراجات پورے نہیں ہوپا رہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 5 سال میں 3 ہزار 200 ارب روپے سے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جن سے ملک کو ترقی کی نئی سطح پر لے آئے اور آج یہ کہتے ہیں کہ بیمار معیشت ملی۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ کسی سے جاکر پوچھ لیں کہ 2 سال پہلے کا پاکستان بہتر تھا یا عمران خان کا نیا پاکستان بہتر ہے، تاجر، سرمایہ کار، ڈاکٹر، مزدور، انجینئر ہر بندہ بتائے گا کہ 2 سال پہلے امید تھی اور آج ناامیدی اور مایوسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے، آج ملک سے پیسہ نہیں بھاگ رہا بلکہ ٹیلنٹ بھی جارہا ہے جس سے ملک کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ کہتے ہیں کہ اپوزیشن نیب کے قانون پر بلیک میل کررہی تھی، ہم نے بلیک میل نہیں کیا اصل بات یہ ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس پر حکومت کی چوری پکڑی۔

یہ بھی پڑھیں: چاروں بلز ایک ساتھ منظور کروانا حکومت کی خواہش تھی، شاہد خاقان عباسی

انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت کی چوری پکڑی ہے جو یہ ایف اے ٹی ایف کے نام پر کررہے تھے، حکومت جو بل پاس کررہی تھی لیکن اس کا دفاع نہیں کرسکی اور یہ بھارت میں مقبوضہ کشمیر سے بھی خطرناک کالا قانون پاکستان میں نافذ ہونے جارہا تھا جس میں اکنامک ٹیرارزم کے حوالے ہر بزنس مین، تاجر، کاروباری شخص معاشی دہشت گرد بن کر تباہ و برباد ہوجاتا، وہ دنیا بھر میں کہیں کاروبار نہیں کرسکتا تھا۔

حکومت اس ملک میں ایسا قانون مسلط کررہی تھی جس کے تحت کوئی بھی صحافی 6 مہینے کے لیے اندر ہوجاتا اور اسے بھی دہشت گرد قرار دے دیا جاتا، کوئی بھی مخالف 6 ماہ کے لیے اندر ہوجاتا اور اس کے پاس آئین اور قانون کا کوئی تحفظ نہیں تھا کہ وہ کس کال کوٹھڑی میں جاتا کوئی نہیں جان سکتا تھا کہ 6 ماہ کے لیے حکومت کا مخالف لاپتا شخص بن گیا ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ حکومت یہ قانون لے کر آئی تھی اور ہم نے یہ چوری پکڑی تھی اور وہ ایف اے ٹی ایف کے نام پر ایسا کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کی چوری کو چھوڑیں گے نہیں، بین الاقوامی برداری کے سامنے پیش کریں گے، ہم امریکا، یورپی یونین کے ممالک سے پوچھیں گے کہ کیا آپ نے حکومت کو ایسا کالا قانون بنانے کی کوئی تجویز دی تھی اور اگر نہیں دی تھی تو حکومت سے کم از کم یہ سوال ضرور پوچھیں کہ آپ کا نام لے کر حکومت 22 کروڑ عوام کو اندھیروں میں کالے قانون کی رسی میں جکڑنے کا منصوبہ کیوں بنارہی تھی۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے مزید کہا کہ حکومت کو یہ چوری پکڑے جانے پر تکلیف ہے، ہر قانون نواز شریف اور اسحق ڈار کو سامنے رکھ کر بنایا جاتا ہے، ہر مخالف کو سامنے رکھ کر بنایا جاتا ہے بھلے اس کے پیچھے ملک کا کوئی نقصان ہوجائے۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومت اب میوچل لیگل اسسٹنس کا جو قانون بنانے جارہی ہے اس کا مقصد اپنے سیاسی دشمنوں کو تنگ کرنا ہے لیکن یہ قانون بننے سے کل کو دنیا کا کوئی ملک ہمارے ایٹمی سائنسدانوں کو ہم سے مانگ سکے گا۔

مزید پڑھیں: اپوزیشن نے نیب آرڈیننس میں 35 ترامیم تجویز کیں، جو ممکن نہیں، وزیر خارجہ

انہوں نے کہا کہ جب آپ یہ قانون بناتے ہیں کہ ہمیں باہر سے ہر قیمت پر ہمارے لوگ چاہئیں تو دوسرے بھی کہیں گے کہ ہمیں ہمارے ملزم ہر قیمت پر چاہئیں، وہ کسی بھی ایٹمی سائنسدان پر کوئی جھوٹا مقدمہ بناکر ایسا کرسکتے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان بار کونسل سے میوچل لیگل اسسٹنس کے قانون کی جانچ کرانی چاہیے تاکہ اس ملک کے عوام کے بنیادی حقوق پر ڈاکا نہ ڈالا جاسکے جیسا ایف اے ٹی ایف کے قانون میں ڈالا جارہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کہتے ہیں حکومت، نیب ختم کرنا چاہتی ہے، جو بات ہم کہتے تھے اب اعلیٰ عدالتوں کے احکامات نے اس پر مہر لگادی ہے کہ یہ یکطرفہ احتساب کا ادارہ ہے، سیاسی انجینئرنگ کا ادارہ ہے۔

مسلم لیگ(ن) کے رہنما نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کہہ رہی ہے کہ نیب کا قانون اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے تو ہمارا مطالبہ ہے کہ سپریم کورٹ اور اسلامی نظریاتی کونسل نے جو ہدایات دی ہیں ان کی روشنی میں نیب کے قانون کو ہم آہنگ کیا جائے تاکہ لوگوں کے حقوق پر ڈاکا نہ ڈالا جاسکے۔

کارٹون

کارٹون : 27 دسمبر 2024
کارٹون : 26 دسمبر 2024