• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ملک میں پہلی بار مسلسل دوسری عید پر بھی فلمیں ریلیز نہیں ہوں گی

شائع July 31, 2020
ملک میں کورونا کے باعث مارچ سے سینما بند ہیں—فائل فوٹو: پاکستانی سینما
ملک میں کورونا کے باعث مارچ سے سینما بند ہیں—فائل فوٹو: پاکستانی سینما

پاکستان میں یکم اگست کو عید الاضحٰی سادگی اور کورونا سے بچاؤ کی سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ منائی جائے گی۔

ملک میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث جہاں سنت ابراہیمی کو بھی حکومت نے محدود کرنے کی اپیل کر رکھی ہے، وہیں حکومت نے عوام کو بڑی عید بھی سادگی اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ منانے کی ہدایات کر رکھی ہیں۔

یہ پہلا موقع ہے کہ ملک میں کسی بیماری کے باعث مسلسل دوسری عید بھی سادگی سے منائی جا رہی ہے، اس سے قبل رواں برس مئی میں ہونے والی عید الفطر بھی سادگی سے منائی گئی تھی۔

کورونا کے باعث نہ صرف دوسری عید سادگی سے منائی جائے گی بلکہ ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا کہ کسی وبا کے باعث مسلسل دوسری عید پر بھی سینما میں کوئی فلم ریلیز نہیں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ ملک میں رواں برس مارچ میں اس وقت سینما ہالز اور تفریحی مقامات بند کردیے گئے تھے جب کورونا کے کیسز تیزی سے سامنے آ رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کے باعث 70 ہزار سینما بند

ملک میں سینما ہالز کو بند کرنے کے ساتھ ہی نئی فلموں کی ریلیز بھی روک دی گئی تھی جب کہ فلموں کی شوٹنگ کو بھی ملتوی یا منسوخ کردیا گیا تھا۔

کورونا کے باعث مئی میں ہونے والی عید الفطر پر بھی کورونا کے باعث سینما ہالز بند رکھے گئے تھے اور کوئی بھی فلم ریلیز نہیں کی گئی تھی۔

اسی طرح اب عید الاضحیٰ کے موقع پر بھی سینما ہالز کو احتیاطی تدابیر کے تحت بند رکھا گیا ہے اور ساتھ ہی کسی نئی فلم کو ریلیز بھی نہیں کیا گیا۔

ملک میں پہلی بار ہے کہ کسی بیماری کے باعث مسلسل 5 ماہ سے سینما ہالز بند ہیں اور انہیں عید کی خوشیوں کے مواقع پر بھی نہیں کھولا گیا۔

پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں بھی مسلسل دوسری عید کے موقع پر بھی سینما ہالز بند ہیں اور وہاں بھی فلمیں ریلیز نہیں کی گئیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: فلم ’فیٹ مین‘ کی شوٹنگ ملتوی

خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند ماہ میں ممکنہ طور پر کورونا کیسز میں کمی کے باعث سینما ہالز کو جزوی طور پر کھولنے کی اجازت دے دی جائے گی تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

اگرچہ اس بار بڑی عید کے موقع پر ملک بھر میں سینما ہالز بند رہیں گے اور کوئی بھی نئی فلم ریلیز نہیں کی جائے گی، تاہم ملک کے مختلف ٹی وی چینلز نے نئی ٹیلی فلمیں بنائی ہیں، جنہیں ناظرین گھر بیٹھے دیکھ سکیں گے۔

علاوہ ازیں ٹی وی چینلز نے عید کی مناسبت کے حوالے سے خصوصی ڈرامے اور شوز بھی تشکیل دیے ہیں جب کہ شائقین کو گھر بیٹھے محظوظ کرانے کے لیے مختلف شخصیات کے انٹرویوز بھی نشر کیے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024