64 میگا پکسل کیمرے سے لیس سام سنگ کا نیا فون گلیکسی ایم 31 ایس
سام سنگ نے گلیکسی ایم سیریز کا نیا اسمارٹ فون ایم 31 ایس متعارف کرادیا ہے۔
یہ ایم سیریز کا پہلا فون ہے جس میں 6.5 انچ انفٹنی او ایس امولیڈ ڈسپلے دیا گیا ہے۔
ایم سیریز کے فونز طاقتور بیٹری کے باعث جانے جاتے ہیں اور ایم 31 ایس میں بھی 6000 ایم اے ایچ بیٹری 25 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے۔
فون کے بیک پر بلیک اور بلیو شیڈوز پر مبننی گریڈینٹ ڈیزائن دیا گیا ہے جبکہ فنگرپرنٹ اسکینر سائیڈ پر دیا گیا ہے۔
ایم 31 ایس میں کمپنی کا اپنا ایکسینوس 9611 پراسیسر دیا گیا ہے جس کے ساتھ 6 سے 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج موجود ہے جس میں ایس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
کمپنی کے مطابق فون میں ریورس چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے اور اس سے دیگر ڈیوائسز کو بھی چارج کیا جاسکتا ہے یعنی اسے پاور بینک کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج سام سنگ کے ون یو آئی کور 2.1 سے کیا گیا ہے۔
جہاں تک کیمرا سسٹم کی بات ہے تو فون کے بیک پر مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے۔
اسی طرح 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا، 5 میگا پکسل میکرو شوٹس اور 5 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر کیمرا دیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق فون میں سنگل ٹیک موڈ دیا گیا ہے جو شٹر بٹن کے ایک پریس سے 10 تصاویر اور ویڈیوز ریکارڈ کرنے میں مدد دیتا ہے۔
فون کا سیلفی کیمرا 32 میگا پکسل کا ہے۔
یہ فون آئندہ ہفتے سب سے پہلے بھارت میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے جس کے 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والے ماڈل کی قیمت 273 ڈالرز (45 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والے فون کی قیمت 300 ڈالرز (لگ بھگ 50 ہزار پاکستانی روپے) رکھی گئی ہے۔