• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وبا کے باوجود 2 ستمبر سے 'وینس فلم فیسٹیول' منعقد ہوگا

شائع July 30, 2020
اداکارہ کیٹ بلینچٹ بھی اس سال جیوری کا حصہ ہیں—فائل فوٹو: اے پی
اداکارہ کیٹ بلینچٹ بھی اس سال جیوری کا حصہ ہیں—فائل فوٹو: اے پی

دنیا کے قدیم ترین فلمی میلے کا اعزاز رکھنے والے 'وینس فلم فیسٹیول' کی انتظامیہ نے اگرچہ رواں برس مئی میں ہی واضح کردیا تھا کہ فیسٹیول کو ستمبر میں منعقد کیا جائے گا۔

تاہم اب انتظامیہ نے میلے کی تاریخ اور میلے میں پیش کی جانے والی فلموں کی فہرست بھی جاری کردی۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق اٹلی میں منعقد ہونے والے 'وینس فلم فیسٹیول' کا آغاز 2 ستمبر سے ہوگا اور میلا 12 ستمبر تک جاری رہے گا۔

عام طور پر 'وینس فلم فیسٹیول' 2 ہفتوں تک جاری رہتا ہے اور اسے ہر سال موسم گرما کے آغاز میں اپریل یا مئی میں منعقد کیا جاتا ہے۔

تاہم اس بار کورونا وائرس کی وبا کے باعث میلے کو مئی کے بجائے ستمبر میں منقعد کیا جائے گا جب کہ میلے کا دورانیہ بھی کچھ مختصر کردیا گیا۔

انتظامیہ کے مطابق کورونا کی وبا کے باعث میلے کی تقریبات کو بھی مختصر یا محدود کردیا گیا ہے اور ریڈ کارپٹ پر بھی لوگوں کی کم سے کم تعداد کو یقینی بنایا جائے گا۔

'وینس فلم فیسٹیول' کے دوران سماجی فاصلوں کو بھی یقینی بنایا جائے گا اور اس بار ماضی کے مقابلے میں زیادہ جگہوں پر فلموں کی نمائش کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: وینس فلم فیسٹیول رواں سال ستمبر میں منعقد ہوگا

مجموعی طور پر اس سال 'وینس فلم فیسٹیول' میں 5 درجن سے زائد فلموں کو پیش کیا جائے گا اور انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ اس بار ماضی کے مقابلے میں سب سے زیادہ خواتین فلم سازوں کی فلموں کو بھی منتخب کیا گیا ہے۔

'وینس فلم فیسٹیول' کے رواں سال 72 ویں میلے میں مجموعی طور پر 9 کیٹیگریز میں مختلف فلموں کے درمیان مقابلہ ہوگا اور فیسٹیول کی سب سے نمایاں کیٹیگری کے لیے 18 فلموں کو نامزد کیا گیا ہے۔

اعلیٰ ترین کے ایوارڈ کی کیٹیگری کے لیے نامزد کی گئی 18 میں سے نصف فلمیں خواتین ہدایت کاروں کی ہیں جب کہ دیگر 8 کیٹیگریز میں بھی نصف فلمیں خواتین کی شامل کی گئی ہیں۔

ماضی میں 'وینس فلم فیسٹیول' انتظامیہ کو خواتین فلم سازوں کو کم مواقع دیے جانے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا ہے۔

اس بار 'وینس فلم فیسٹیول' کے دوران جہاں ماضی کے مقابلے زیادہ مقامات پر فلموں کو دکھایا جائے گا، وہیں لوگوں کی تعداد بھی کم سے کم رکھی جائے گی۔

تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ کورونا کے خوف میں کمی کے بعد ہونے والے اس پہلے بڑے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں دنیا بھر سے اہم شخصیات بڑی تعداد میں شرکت کریں گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024