• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

شوہروں کی بے وفائی سے پردہ اٹھاتی بہادر بیویوں کی کہانی ’چڑیلز‘

شائع July 29, 2020
ویب سیریز کے پہلے سیزن کو 11 اگست کو ریلیز کیا جائے گا—فوٹو: عاصم عباسی انسٹاگرام
ویب سیریز کے پہلے سیزن کو 11 اگست کو ریلیز کیا جائے گا—فوٹو: عاصم عباسی انسٹاگرام

عام طور پر پاکستانی ڈراموں اور فلموں میں خواتین کو کمزور کرداروں میں دکھایا جاتا ہے، تاہم جلد ہی ریلیز ہونے والی پاکستان کی پہلی اوریجنل ویب سیریز ’چڑیلز‘ میں خواتین کو قدرے منفرد کرداروں میں دکھایا جائے گا۔

ہدایت کار عاصم عباسی کی ویب سیریز ’چڑیلز‘ دراصل ایسی چار شادی شدہ خواتین کی کہانی ہے جو اپنے شوہروں کی بے وفائی کے بعد جاسوس بن جاتی ہیں۔

پاکستان کی پہلی اوریجنل ویب سیریز ’چڑیلز‘ میں شوہروں کی بے وفائی کے بعد جاسوس بن جانے والی چاروں خواتین اپنی جیسی دوسری عورتوں کی زندگی بچانے کے لیے کام کرتی ہیں اور بیویوں سے دھوکا کرنے والے شوہروں کو بے نقاب کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

’چڑیلز‘ اگرچہ بیویوں سے بے وفائی کرنے والے شوہروں کو بے نقاب کرنے کے لیے جاسوس بن جانے والی خواتین کی کہانی ہے، تاہم جب وہ جاسوس بن جاتی ہیں تو انہیں معاشرے کے کئی مکروہ چہرے دکھائی دیتے ہیں۔

جاسوس بن جانے والی خواتین پھر کم عمری کی شادیوں، بچوں کے ساتھ ناروا سلوک، زبردستی کی شادیوں، غربت، جرائم، رنگ و نسل کے واقعات اور خودکشی جیسے بھیانک حقائق کا سامنا کرتی ہیں۔

’چڑیلز‘ کے حوالے سے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے اداکارہ ثروت گیلانی نے بتایا کہ مذکورہ شو دراصل خواتین کی آواز ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'چڑیلیں جلد آرہی ہیں'

انہوں نے تھرلر شو کے حوالے سے مزید بتایا کہ وہ اس میں ایک شادی شدہ کرمنل کیسز کی پیروی کرنے والے وکیل کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

انہوں نے اپنے کردار کے حوالے سے بتایا کہ ابتدائی طور پر وہ اپنے بچوں اور شوہر کی خدمت کے لیے گھریلو خاتون ہوتی ہیں، تاہم جب انہیں اپنے شوہر کی بے وفائی کا پتا چلتا ہے تو وہ جاسوس بن جاتی ہیں۔

ثروت گیلانی کے مطابق ’چڑیلز‘ میں انہیں شادی کے بعد دوبارہ نئی زندگی گزارنے اور مضبوط ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

اداکارہ کے مطابق ’چڑیلز‘ میں ان کے کردار کو بہت ہی بولڈ اور طاقتور دکھایا گیا ہے

انہوں نے بتایا کہ شو میں معاشرے میں رائج خواتین سے متعلق مسائل کو دکھایا گیا ہے اور اسے دیکھنے والے شخص کے ذہن میں سوالات جنم لیتے ہیں کہ معاشرے میں کیا ہو رہا ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

انہوں نے ہدایت کار عاصم عباسی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ان کی خوشنصیبی ہے کہ وہ ان کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔

ثروت گیلانی کے مطابق ’چڑیلز‘ ذہین، خودمختار، بولڈ اور خوبصورت خواتین کی کہانی ہے اور وہ اس بات پر خوش ہیں کہ ان خواتین میں سے ایک وہ بھی ہیں۔

خیال رہے کہ ’چڑیلز‘ کی شوٹنگ گزشتہ سال ہی شروع کردی گئی تھی، اس شو کی دیگر مرکزی اداکاراؤں میں نمرا بچا، یاسرا رضوی اور مہربانو شامل ہیں۔

’چڑیلز‘ کو آئندہ ماہ 11 اگست کو بھارتی ویب اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو کے آن لائن چینل زندگی آفیشل پر نشر کیا جائے گا، ابتدائی طور پر شو کی پہلے سیزن کی 10 قسطیں ریلیز کی جائیں گی۔

اس ویب سیریز کو پاکستان کی پہلی اوریجنل ویب سیریز بھی کہا جا رہا ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024