• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

باجوڑ میں سرحد پار سے چیک پوسٹ پر فائرنگ، پاک فوج کا جوان شہید

شائع July 29, 2020
فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے لانس نائیک نے جام شہادت نوش کیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے لانس نائیک نے جام شہادت نوش کیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی علاقے باجوڑ میں پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر سرحد پار سے فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کی سرحدی چوکی پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں لانس نائیک سمیع اللہ نے جام شہادت نوش کیا۔

واضح رہے کہ یہ واقع افغان سپاہی کی علاج کے بعد افغانستان واپسی کے چند گھنٹوں بعد پیش آیا۔

خیال رہے کہ افغان فوجی حکام نے 14 جولائی کو پاک فوج سے اپنے سپاہی کے علاج کی درخواست کی تھی، جس پر پڑوسی ملک کے سپاہی کو سی ایم ایچ پشاور میں ضروری طبی امداد فراہم کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: پاک افغان سرحد: فائرنگ کے نتیجے میں 3 شہری جاں بحق

افغان سپاہی کے علاج کے بعد وہ گزشتہ روز طورخم کے راستے افغانستان واپس چلا گیا تھا، جس کے کچھ گھنٹوں بعد پاک افغان سرحد پر سرحد پار سے پاکستانی علاقے میں فائرنگ کی گئی۔

واضح رہے کہ یہ پاک افغان بارڈر پر سرحد پار فائرنگ کا پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس میں پاکستانی شہریوں اور پاک فوج کے جوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

17 جولائی کو ضلع باجوڑ میں پاک افغان باڈر پر سرحد پار فائرنگ کے نتیجے میں 3 پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں سرحد پار فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 6 جوانوں سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا تھا کہ 'افغان فورسز نے صوبے کنڑ سے چترال کے چترال کے گاؤں آروندو کی شہری آبادی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 6 جوان اور ایک خاتون سمیت 5 شہری زخمی ہوئے'۔

یہ بھی پڑھیں: پاک-افغان سرحد کے قریب فائرنگ کے 2 واقعات، پاک فوج کے 4 جوان شہید

اس سے قبل 20 ستمبر، 2019 کو صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں پاک-افغان سرحد پر آئی ای ڈی (امپرووائڈ ایکسپلوزو ڈیوائس) کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے سے پاک فوج کا میجر اور سپاہی شہید ہوگیا تھا۔

مذکورہ واقعے سے چند روز قبل ہی مغربی سرحد کے قریب شمالی وزیرستان میں اسپن وام کے علاقے اباخیل میں گشت پر مامور سیکیورٹی فورسز پر شدت پسندوں نے فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں بلتستان کے رہائشی 23 سالہ سپاہی اختر حسین نے جام شہادت نوش کیا جبکہ جوابی کارروائی کے نتیجے میں دو شرپسند مارے گئے تھے۔

اسی روز دیر میں پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے کام میں مصروف پاک فوج کے جوانوں پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 3 اہلکار شہید اور ایک شدید زخمی ہو گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024