• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وبا کا خوف ختم، ہولی وڈ فلم ’ٹینیٹ‘ کو 70 ممالک میں ریلیز کرنے کا اعلان

شائع July 29, 2020
فلم کو سب سے پہلے 26 اگست کو ایک درجن ممالک میں ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ
فلم کو سب سے پہلے 26 اگست کو ایک درجن ممالک میں ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

اگرچہ دنیا بھر میں اب بھی کورونا کے نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں، تاہم لگتا ہے کہ اب دنیا بھر میں وبا کا خوف آہستہ آہستہ ختم ہوتا جا رہا ہے، جس کی تازہ مثال وارنرز بردارز کی جانب سے آئندہ ماہ اگست میں فلم کو ریلیز کرنے کے اعلان ہے۔

جی ہاں، اگرچہ اب بھی امریکا اور یورپی ممالک سمیت دنیا کے تمام خطوں میں سینما بند ہیں اور تاحال کسی ملک نے واضح طور پر سینما کھولنے کا اعلان بھی نہیں کیا۔

تاہم اس کے باوجود ہولی وڈ پروڈکشن ہاؤس وارنر بردارز اور فلم ساز کرسٹوفر نولان نے اپنی نئی فلم ’ٹینیٹ‘ کو 26 اگست سے دنیا بھر میں ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق وارنر برادرز اور اے ٹی اینڈ ٹی اسٹوڈیو نے 27 جولائی کو اعلان کیا کہ فلم کو آئندہ ماہ 26 اگست سے ریلیز کیا جائے گا۔

پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے فلم کو ریلیز کرنے کے اعلان کا امریکا اور یورپ سمیت دیگر خطوں کے سینما مالکان نے خیر مقدم کیا ہے، تاہم حکومتی عہدیداروں نے فلم کی ریلیز کے اعلان پر تاحال کوئی رد عمل نہیں دیا۔

’ٹینیٹ‘ کا پہلا ٹریلر دسمبر 2019 میں سامنے آیا تھا، جس سے سائنس فکشن فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل تھا۔ اب تک کسی کو معلوم نہیں کہ ’ٹینیٹ‘ کی کہانی کس مسئلے کے گرد گھومتی ہے، تاہم اندازہ ہوتا ہے کہ فلم میں ممکنہ طور تیسری ایٹمی جنگ چھیڑنے اور اسے روکنے کے مسئلے کو دکھایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کرسٹوفر نولان کی نئی فلم کا پہلا ٹریلر ریلیز

فلم کو پہلے جولائی 2020 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا مگر کورونا وائرس کی وجہ سے مذکورہ فلم سمیت کئی بڑی فلموں کی نمائش کو بھی ملتوی یا منسوخ کردیا گیا تھا۔

امریکا اور یورپی ممالک سمیت دنیا کے دیگر خطوں میں مارچ 2020 سے کورونا کے باعث سینما بند ہیں اور کئی بڑی فلموں کی نمائش کو روک دیا گیا ہے۔

خیال کیا جا رہا ہےکہ دنیا بھر میں سینما کی بندش کے باعث صرف ہولی وڈ انڈسٹری کو ہی 10 ارب ڈالر کا نقصان ہوگا، تاہم اب ایسا لگ رہا ہے کہ جلد سینما کھول دیا جائے گا۔

اگرچہ کئی ممالک میں کورونا کے کیسز میں کمی دیکھی جا رہی ہے تاہم اس کے باوجود دنیا بھر سے نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔

شوبز ویب سائٹ ورائٹی کے مطابق ٹینٹ کو سب سے پہلے 26 اگست کو یورپی ممالک بیلجیئم، کروشیا، بلغاریہ، ڈینمارک، اسٹونیا، فن لینڈ، فرانس، ہالینڈ، ہنگری، آئس لینڈ، اٹلی، لتھوانیا، سوئیڈن، سوئٹزرلینڈ، سربیا اور برطانیہ میں ریلیز کیا جائے گا۔

دلچسپ بات یہ کہ اسٹوڈیو نے مذکورہ فلم کو 26 اگست کو مصر، انڈونیشیا، ترکی اور جنوبی کوریا میں بھی ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مزید پڑھیں: مولان کے بعد ٹینیٹ کی ریلیز بھی التوا کا شکار

ٹینٹ کو اگلے ہی دن 27 اگست کو مزید ممالک میں ریلیز کیا جائے گا اور اسی دن فلم کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ملائیشیا اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک میں ریلیز کیا جائے گا۔

پروڈکشن ہاؤسز نے فلم کو ستمبر کے پہلے ہفتے میں امریکا میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ پروڈکشن ہاوسز فلم کو بھارت، چین، برازیل اور میکسیکو جیسے ممالک میں بھی ستمبر کے وسط تک ریلیز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم انہوں نے وہاں فلم کو ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔

پروڈکشن ہاؤسز نے فلم کو پاکستان میں ریلیز کرنے کے حوالے سے بھی کوئی اعلان نہیں کیا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کو ریلیز کرنے سے قبل پروڈکشن ہاؤسز مقامی حکومتوں سے مذاکرات کے بعد مخصوص سینما ہالز کھلواکر وہاں فلم کو ریلیز کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024