• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سلمیٰ ظفر کے بعد اداکارہ شیری شاہ کے بھی جویریہ اور سعود پر الزامات

شائع July 29, 2020
اداکارہ نے جویریہ اور سعود کو قانونی نوٹس بھجوانے کا دعویٰ بھی کیا—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے جویریہ اور سعود کو قانونی نوٹس بھجوانے کا دعویٰ بھی کیا—فوٹو: انسٹاگرام

حال ہی میں سینئر اداکار سلمیٰ ظفر نے اداکارہ جویریہ اور ان کے شوہر سعود پر ایک کروڑ روپے ہڑپ کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔

سلمیٰ ظفر نے 35 منٹ دورانیے کے ویڈیو میں دعویٰ کیا تھا کہ سعود اور جویریہ ان کے ایک کروڑ جب کہ عام ملازمین کے بھی ہزاروں روپے کھا گئے۔

سینئر اداکارہ نے سعود اور جویریہ پر پروڈکشن ہاؤس کے ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک رکھے جانے کے الزامات بھی عائد کیے تھے اور بتایا تھا کہ وہ ملازمین کو کھانا بھی احسان کے طور پر کھلاتے تھے۔

اداکارہ نے الزام عائد کیا تھا کہ جویریہ اور سعود نے ماہانہ 7 ہزار روپے کی تنخواہ پر کام کرنے والے ملازمین کو بھی تنخواہیں ادا نہیں کیں جب کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کو 10 روز کے کام کے بدلے 4 دن کے پیسے دیے۔

ویڈیو میں انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ ان کے پاس جویریہ اور سعود کی کرپشن اور ان کی جانب سے ملازمین کے پیسے کھائے جانے کے شواہد موجود نہیں، تاہم وہ سچ بول رہی ہیں۔

سلمیٰ ظفر نے سعود پر خواتین کی تضحیک کرنے اور ان پر خواتین کی کمائی کھانے کا الزام بھی لگایا تھا۔

سلمیٰ ظفر کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اگرچہ اداکارہ جویریہ نے ان کے تمام الزامات کو مسترد کردیا تھا تاہم بعد ازاں انہوں نے اداکارہ کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان بھی کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ سلمیٰ ظفر کے سعود اور جویریہ پر سنگین الزامات

دو دن قبل جویریہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا تھا کہ وہ اور ان کے شوہر اداکار سعود، اداکارہ سلمیٰ ظفر کے خلاف قانونی کارروائی کرنے جا رہے ہیں۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ان کا پروڈکشن ہاؤس (جے جے پروڈکشن) اداکارہ سلمیٰ ظفر کے خلاف جھوٹے الزامات لگانے پر قانونی کارروائی کرے گا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ساتھ ہی اداکارہ نے لکھا کہ ان کا پروڈکشن ہاؤس، وہ اور ان کے شوہر ان افراد کے خلاف بھی سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی کریں گے، جنہوں نے کسی بھی تصدیق کے بغیر سلمیٰ ظفر کے الزامات کی ویڈیو شیئر کی۔

تاہم اب ایک اور اداکارہ بھی جویریہ اور ان کے شوہر سعود کے خلاف سامنے آگئی اور انہوں نے بھی دونوں پر کم از کم 90 لاکھ روپے ہڑپ کرنے کا الزام عائد کردیا۔

مزید پڑھیں: پیسے نہیں دیے تو سلمیٰ نے ہمارے ساتھ کام کیوں کیا؟جویریہ

اداکارہ شیری شاہ نے انسٹاگرام پر تقریبا 10 منٹ دوانیے کی ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ جویریہ اور سعود نے ان کے 90 لاکھ روپے دینے ہیں۔

شیری شاہ نے اپنی ویڈیو میں بتایا کہ انہوں نے جے جے ایس پروڈکشن کے ساتھ یہ زندگی اور یہ کیسی محبت سیریلز میں 7 سے 10 سال تک کام کیا اور انہیں محض 10 لاکھ روپے ہی ادا کیے گئے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

شیری شاہ نے بتایا کہ وہ یہ ویڈیو بنانے پر مجبور ہوگئیں، کیوں کہ ان کی لاکھ کوششوں کے باوجود بھی جویریہ اور سعود ان سے رابطہ نہیں کر رہے اور انہیں سلمیٰ ظفر کی ویڈیو دیکھنے کے بعد ہمت آئی۔

شیری شاہ نے ساتھ ہی کیپشن میں بتایا کہ انہوں نے جویریہ اور سعود کو پیسے نہ دینے پر قانونی نوٹس بھی بھجوادیا۔

شیری شاہ نے اپنی ایک اور انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ ان کی قانونی ٹیم نے جے جے ایس پروڈکشن کو ساڑھے 92 لاکھ روپے کی ادائیگی کے لیے قانونی نوٹس بھجوادیا۔

یہ بھی پڑھیں: جویریہ اور سعود کا سلمیٰ ظفر کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان

اداکارہ نے اپنی قانونی ٹیم کی جانب سے 24 جولائی کو جویریہ اور سعود کو بھجوائے گئے قانونی نوٹس کی تصویر بھی شیئر کی، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اداکارہ کے جے جے ایس پروڈکشن کی جانب ساڑھے 77 لاکھ روپے رہتے ہیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

قانونی نوٹس میں جے جے ایس پروڈکشن سے ذہنی پریشانی دینے پر 10 لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے، ساتھ ہی جویریہ اور سعود سے وکلا کی فیس کی مد میں 5 لاکھ روپے ادا کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔

قانونی نوٹس میں جویریہ اور سعود کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ آئندہ 15 دن میں مذکورہ نوٹس کا جواب دیں، دوسری صورت میں شیری شاہ دونوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا حق رکھتی ہیں۔

شیری شاہ کی جانب سے قانونی نوٹس بھجوائے جانے پر تاحال جویریہ اور سعود نے کوئی جواب نہیں دیا اور نہ ہی انہوں نے ان کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر کوئی مؤقف دیا ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024