• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا وبا: ملک میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن، فعال کیسز 26 ہزار رہ گئے

شائع July 29, 2020 اپ ڈیٹ July 30, 2020
پاکستان میں کیسز میں کمی دیکھی جارہی ہے—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں کیسز میں کمی دیکھی جارہی ہے—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن بہتری کی جانب گامزن ہے اور ملک میں 2 لاکھ 77 ہزار 63 کیسز میں 2 لاکھ 44 ہزار 883 صحتیاب ہوچکے ہیں جو تقریباً 88 فیصد ہے۔

اس کے علاوہ ملک میں مجموعی طور پر اموات کی تعداد 5 ہزار 915 ہے جبکہ فعال کیسز 26 ہزار سے زائد رہ گئے ہیں۔

آج 29 جولائی کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید 1020 کیسز اور 34 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 2 ہزار 447 لوگ مزید شفایاب بھی ہوگئے۔

خیال رہے کہ جولائی کے مہینے سے ملک میں کورونا کیسز کی تعداد میں کمی دیکھی جارہی ہے جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

تاہم حکومتی عہدیدار کورونا کی صورتحال میں بہتری کے باوجود عوام کو خبردار کررہے ہیں کہ عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام کے موقع پر احتیاطی تدابیر لازمی اپنائیں ورنہ صورتحال دوبارہ سے خراب ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے بعد یہ پورے ملک میں پھیل گیا اور اس 5 ماہ سے زائد کے عرصے میں اس وبا کی وجہ سے تعلیمی اداروں سمیت کاروبار کی بندشوں تک کا سامنا کرنا پڑا۔

اگر اس وقت کی صورتحال پر نظر ڈالیں تو آج 29 جولائی کو کیسز اور اموات کے بعد مجموعی تعداد کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 654 نئے کیسز اور 17 اموات کا اضافہ ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 654 افراد کےمتاثر ہونے سے مجموعی تعداد ایک لاکھ 20 ہزار 52 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 17 اموات بھی ہوئیں جس سے یہ تعداد 2 ہزار 189 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس نے مزید 173 افراد کو متاثر کیا جبکہ 8 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

سرکاری سطح پر قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں ان نئے 173 کیسز کے بعد مجموعی کیسز 92 ہزار 452 تک پہنچ گئے۔

مزید برآں صوبے میں مزید 8 اموات نے مجموعی تعداد کو 2 ہزار 133 تک پہنچا دیا۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کورونا وبا نے مزید 25 افراد کو متاثر کردیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 14 ہزار 963 تک جا پہنچی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 121 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 33 ہزار 845 ہوگئی۔

صوبے میں وائرس مزید 6 مریضوں کی جان لے گیا جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 1192 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

ملک میں دوسرے نمبر پر کم متاثرہ علاقے آزاد کشمیر میں کورونا وبا کے مزید 15 کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں وائرس نے مزید 15 لوگوں کو متاثر کیا جس سے مجموعی کیسز 2 ہزار 55 تک پہنچ گئے۔

اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال کرنے سے یہ تعداد 50 تک جاپہنچی۔

گلگت بلتستان

ملک میں اس وقت سب سے کم متاثر علاقے گلگت بلتستان میں کورونا وبا نے مزید 32 افراد کو متاثر کیا اور 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

پورٹل کے مطابق 32 افراد کے متاثر ہونے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 42 ہوگئی۔

اس کے علاوہ 2 افراد کے انتقال کرجانے سے مجموعی اموات کی تعداد 50 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے جو دیگر فعال کیسز کے لیے امید کی کرن ہے۔

اس وقت ملک میں 88 فیصد لوگ شفایاب ہوچکے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 447 لوگ ایسے تھے جنہوں نے اس وائرس سے شفا پائی۔

جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 44 ہزار 883 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 277063

اموات: 5915

صحتیاب: 244883

فعال کیسز: 26265

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 20 ہزار 52 ہیں تو وہیں پنجاب میں یہ تعداد 92 ہزار 452 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 33 ہزار 845 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 654 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 963، آزاد کشمیر میں 2055 اور گلگت بلتستان 2042 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2189

پنجاب: 2133

خیبرپختونخوا: 1192

بلوچستان: 136

اسلام آباد: 165

آزاد کشمیر: 50

گلگت بلتستان: 50


پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 75 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات ساڑھے 5 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024