• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ماورا حسین کے لڑکوں کے گھورنے کے بیان پر علی گل پیر کی پیروڈی

شائع July 27, 2020
ماضی میں بھی گلوکار پیروڈی کرتے رہے ہیں —اسکرین شاٹ یوٹیوب
ماضی میں بھی گلوکار پیروڈی کرتے رہے ہیں —اسکرین شاٹ یوٹیوب

حال ہی میں سوشل میڈیا پر اداکارہ ماورا حسین کی 2 سال پرانی ویڈیو کلپ وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ لڑکوں کی جانب سے عید کے موقع پر شہروں میں خریداری کے بہانے مارکیٹس میں جاکر لڑکیوں کو گھورنے اور چھیڑنے پر بات کرتی دکھائی دی تھیں۔

دراصل ماورا حسین کی ویڈیو کلپ 2 سال قبل اگست 2018 کے ندا یاسر کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان کی ہے، جس میں وہ ہمایوں سعید، یاسر حسین، سونیا حسین اور کبریٰ خان سمیت دیگر اداکاروں کے ساتھ فلم 'نامعلوم افراد 2' کی تشہیر کے لیے شریک ہوئی تھیں۔

مذکورہ پروگرام میں لڑکوں کی جانب سے لڑکیوں کو گھورنے کی بحث اس وقت شروع ہوئی جب میزبان ندا یاسر نے عید کی خریداری پر بات کرتے ہوئے پہلے مرد اداکاروں سے پوچھا کہ عید شاپنگ کے بہانے وہ مارکیٹوں میں کیوں جاتے ہیں؟

جس پر یاسر حسین نے اعتراف کیا کہ وہ ماضی میں لڑکیوں کو دیکھنے ہی جاتے تھے اور اب بھی لڑکے اسی نیت سے جاتے ہیں۔

مرد اداکاروں کے دلچسپ جوابات کے بعد ندا یاسر نے خواتین اداکاروں سے بھی یہی سوال پوچھا کہ جب وہ عید کی خریداری پر جاتی تھیں تو انہیں کوئی لڑکا چھیڑتا تھا؟

جس پر اداکارہ سونیا حسین نے سب سے پہلے کہا کہ ایسا تو کئی سال سے ہوتا چلا آ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ماورا حسین کو لڑکوں کے گھورنے سے متعلق پرانے بیان پر تنقید کا سامنا

اسی سوال کے جواب میں اداکارہ ماورا حسین نے بھی اعتراف کیا کہ عید شاپنگ کے دوران لڑکوں کی جانب سے لڑکیوں کو گھورنا معمول ہوتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لاہوریوں کا تو یہ مشغلہ رہا ہے، وہ لڑکیوں کو دیکھ کر بڑی آواز میں گاڑیوں میں میوزک بجاتے ہیں، شور کرتے ہیں۔

ماورا حسین نے لاہوریوں کے اس عمل کو عید کا نام دیا اور کہا کہ انہوں نے ایسے رویوں پر کبھی اعتراض نہیں کیا۔

اسی پر ندا یاسر نے ان سے سوال کیا کہ اب بھی اگر ان کے ساتھ ایسا ہو تو وہ کیا کریں گی؟ جس پر ماورا حسین نے کہا کہ انہیں برا نہیں لگے گا، کیوں کہ ان کی بھی تو عید ہے!

ماورا حسین کے اسی جواب پر نہ صرف پروگرام میں موجود اداکار ہنس پڑے بلکہ پروگرام میں شریک شرکا نے بھی تالیاں بجائیں۔

ماورا حسین کی پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اداکارہ کے ریمارکس پر تعجب کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ اداکارہ کے ایسے عمل کو عید کا نام دے کر درست تسلیم کر رہی ہیں۔

ماورا حسین کی یہ کلپ ٹوئٹر، انسٹاگرام اور فیس بک پر خوب وائرل ہو رہی ہے اور اس پر لوگ مزاحیہ تبصرے بھی کر رہے ہیں۔

اداکارہ کی اسی ویڈیو پر کامیڈین علی گل پیر نے بھی پیروڈی کی اور ان کی ماورا حسین اور ندا یاسر کی کاپی کرنے کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

علی گل پیر نے نہ صرف ماورا حسین کی آواز کی نقل اتاری بلکہ انہوں نے میزبان ندا یاسر کی آواز کی نقل اتار کر اس پر پیروڈی کرکے سب کو محظوظ کیا۔

علی گل پیر نے انسٹاگرام پر پیروڈی کی ویڈیو کو کسی نے چھیڑا؟ کے سوال کے کیپشن کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے عید کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

خیال رہے کہ علی گل پیر ماضی میں بھی ماورا حسین اور ان کی بہن عروہ حسین کی ویڈیوز پر پیروڈی کر چکے ہیں جب کہ وہ دیگر وائرل ہونے والی ویڈیوز پر بھی نقل کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024