• KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 3:41pm
  • ISB: Zuhr 12:16pm Asr 3:41pm
  • KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 3:41pm
  • ISB: Zuhr 12:16pm Asr 3:41pm

بازار سے خریدنے کے بجائے اب لذیذ گول گپے خود گھر میں بنائیں

شائع July 27, 2020
—تصویر: شٹراسٹاک
—تصویر: شٹراسٹاک

ملک بھر میں برکھا رُت کا سلسلہ جاری ہے، خوشگوار موسم میں اچھے کھانے کی خواہش بھی مزید بڑھ جاتی ہے۔

ایسی صورتحال میں باہر جا کر کھانا نہ صرف مشکل بلکہ صحت کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے اس لیے گھروں میں مزیدار پکوان بننے شروع ہوجاتے ہیں۔

ایسی ہی ایک چیز گول گپے ہیں جو شاید ہی کسی کو نا پسند ہوں اور زیادہ تر بازار سے ہی خرید کر کھائے جاتے ہیں۔

لیکن اب گول گپے کھانے کے لیے باہر جانے کی ضرورت نہیں آپ خود حفظانِ صحت کا خیال رکھتے ہوئے بآسانی گول گپے گھر میں تیار کرسکتے ہیں۔

پوری تیار کرنے کا طریقہ

سوجی (باریک): ایک کپ

میدہ: ایک کھانے کا چمچ بھر کے

پانی: حسب ضرورت

سوجی میں میدے کو اچھی طرح شامل کر کے پانی سے نرم گوندھ لیں، خیال رہے زیادہ سخت نہ ہو کیوں کہ سوجی پانی جذب کر کے سخت ہوجاتی ہے۔

اب اس گندھی سوجی کو ململ کے نم کپڑے یا ایئر ٹائٹ جار میں بند کر کے 20-25 منٹ کے لیے رکھ دیں۔

اب اس کا ایک چھوٹی روٹی کے برابر پیڑا لیں اور روٹی کی طرح پتلا پتلا بیل لیں، اس کے بعد گول گپوں کے سائز کے کسی سانچے یا کپ کی مدد سے پوریاں کاٹ کر 5 سے 10 منٹ کے ململ کے کپڑے سے ڈھک کر رکھ دیں۔

اس کے بعد مرحلہ آتا ہے پوریوں کو تلنے کا جو خاصہ تکنیکی ہے، تیل کو گرم کریں اور ایک پوری ڈالتے ساتھ ہی تلنے والے چمچ سے ہلکا ہلکا دبائیں اس طرح پوری پھول جائے گی۔

اس طرح ایک ایک کر کے باقی پوریاں تلتے جائیں اور انہیں نکال کر کسی چھنے یا جالی والے برتن میں رکھیں۔

نوٹ: پلیٹ یا کسی ڈبے میں رکھنے پر پوریاں نرم ہوسکتی ہیں۔

کھٹا میٹھا پانی

گول گپوں کے ساتھ کئی طرح کی چیزیں پیش کی جاتی ہیں جس میں تیکھا پانی، میٹھی چٹنی، رائتہ وغیرہ شامل ہے لیکن یہاں ہم جو پانی بنانے کی ترکیب بتارہے ہیں اس کے ساتھ گول گپے کھانے پر یقیناً آپ کا ہاتھ نہیں رکے گا۔

املی: آدھی پیالی

نمک: ¼ چائے کا چمچ یا حسب ضرورت

چینی: ½ پیالی

کالا نمک: ایک چٹکی یا حسب ضرورت

بھُنا پسا زیرہ: ½ چائے کا چمچ

پسی سرخ مرچ: ¼ چائے کا چمچ یا حسب ضرورت

چاٹ مصالحہ: ¼ چائے کا چمچ یا حسب ضرورت

املی کو ایک پیالی پانی میں بھگو دیں اور پھر اس کا گودا بیجوں سے الگ کرنے کے لیے چھان لیں۔

اب اس املی کے پانی میں ڈیڑھ گلاس مزید پانی شامل کر کے چولھے پر پکنے رکھ دیں اور زیرے کے علاوہ باقی تمام اجزا بھی شامل کرلیں اور ابال آنے دیں۔

اس دوران آپ تھوڑا سا پانی چکھ کر اپنے ذائقہ کے مطابق اجزا کی مقدار بڑھا بھی سکتے ہیں، اس کے بعد بھنا پسا زیرہ شامل کر کے ٹھنڈا کرلیں۔

پیش کرنے کا طریقہ

آدھی پیالی دہی میں چٹکی بھر نمک ایک کھانے کا چمچ چینی اور ¼ چائے کا چمچ چاٹ مصالحہ شامل کریں۔

حسب ضرورت چنے اور آلو ابال کر چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر رکھ لیں۔

اب پوریوں میں سوراخ کر کے چند دانے چنے اور آلو کے اور دہی کا رائتہ حسب پسند ڈالیں اور کھٹے میٹھے پانی میں ڈبو کر لذیز گول گپوں کا لطف اٹھائیں۔

کارٹون

کارٹون : 12 جنوری 2025
کارٹون : 9 جنوری 2025