• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ملک میں کورونا وائرس سے مزید ایک ہزار 219 افراد متاثر، 22 انتقال کر گئے

شائع July 26, 2020
ملک میں مجموعی متاثرین میں سے تقریباً 86 فیصد لوگ صحتیاب ہوگئے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز
ملک میں مجموعی متاثرین میں سے تقریباً 86 فیصد لوگ صحتیاب ہوگئے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال خاصی بہتری کی جانب گامزن ہے اور ملک میں اب تک اس وبا سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد میں سے 86 فیصد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ 19 سے اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 74 ہزار26 ہے جن میں سے 5 ہزار 840 مریض انتقال کرچکے ہیں جبکہ 2 لاکھ 37 ہزار 434 صحتیاب ہوئے۔

آج (26 جولائی) کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید 1219 مریض اور 22 اموات رپورٹ ہوئیں اس کے علاوہ آج صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 838 رپورٹ ہوئی۔

ملک میں بڑی تعداد میں لوگوں کے شفایاب ہونے سے مجموعی متاثرین میں سے تقریباً 86 فیصد لوگ صحتیاب ہوگئے اور فعال کیسز صرف 30 ہزار 729 رہ گئے ہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا جس کے بعد اس وبا کو 5 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔

ان 5 مہینوں میں مئی اور جون کے دوران وبائی صورتحال خاصی تشویشناک رہی تاہم جولائی کے آغاز سے ملک میں یومیہ کیسز کی تعداد میں کمی رپورٹ ہوئی۔

آج (26 جولائی) کو ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا ہے کہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 713 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی اور 16 مریض انتقال کر گئے۔

ملک کے دیگر حصوں کے مقابلے میں سندھ کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 18 ہزار 311 تک پہنچ چکی ہے۔

اسی طرح مزید اموات کے بعد اب تک صوبے میں وائرس کے سبب وفات پانے والوں کی تعداد 2 ہزار 151 ہوچکی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صرف کراچی میں 298 کیسز سامنے آئے، صوبے میں اس وقت 8 ہزار 634 مریض زیر علاج ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں بھی وائرس متاثرین کی تعداد میں کمی آئی ہے تاہم نئے کیسز سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 177 افراد اس سے متاثر ہوئے۔

محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں مزید 2 مریضوں کے انتقال سے اموات کی تعداد 1178 ہوگئی ہے۔

صوبے میں وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد 3 ہزار 397 تک جا پہنچی ہے۔

بلوچستان

بلوچستان کے محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 23 کیسز رپورٹ ہوئے۔

محکمہ صحت کے مطابق نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 11 ہزار 601 ہوچکی ہے۔

بلوچستان میں گزشتہ دو روز کے دوران 55 افراد کورونا سے متاثر ہوئے تھے، 24 جولائی کو 24 جبکہ 25 جولائی کو 28 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

تاہم صوبے میں 22 جولائی سے وائرس کے باعث مزید کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی، صوبے میں اب تک 136 اموات ہوچکی ہیں۔

پنجاب

پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس نے مزید 210 افراد کو متاثر کیا جبکہ 3 مریض انتقال کر گئے۔

سرکاری سطح پر کووِڈ 19 کی صورتحال پر نظر رکھنے والے پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 210 افراد کے متاثر ہونے سے مجموعی کیسز کی تعداد 91 ہزار 901 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ 3 افراد کے انتقال کرجانے سے یہ تعداد 2113 سے بڑھ کر 2116 تک جاپہنچی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 20 افراد کو متاثر کیا اور ایک فرد کی ہلاکت ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے بعد وہاں مجموعی کیسز 14 ہزار 841 تک پہنچ گئے۔

مزید برآں ایک اور فرد کے انتقال سے اموات کی تعداد 163 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

ملک میں دوسرے سب سے کم متاثر ہونے والے علاقے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے کیسز 2 ہزار 23 ہوگئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان جو اس وقت سب سے کم متاثرہ علاقہ ہے وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 10 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔

ان نئے 10 مریضوں کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز ایک ہزار 952 تک جاپہنچے۔

صحتیاب افراد

ملک میں کورونا کیسز میں کمی تو صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 838 مریض شفایاب ہوئے۔

جس کے بعد ملک میں مجموعی طور پر وائرس سے شفاپانے والوں کی تعداد 2 لاکھ 37 ہزار 434 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 274026

اموات: 5840

صحتیاب: 237434

فعال کیسز: 30729

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 18 ہزار 311 ہیں تو وہیں پنجاب میں یہ تعداد 91 ہزار 901 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 33 ہزار 397 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 601 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 841، آزاد کشمیر میں 2023 اور گلگت بلتستان 1952 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2151

پنجاب: 2116

خیبرپختونخوا: 1178

بلوچستان: 136

اسلام آباد: 163

آزاد کشمیر: 49

گلگت بلتستان: 47

پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 74 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات ساڑھے 5 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024