اسد عمر کی زیر سربراہی نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں اجلاس
وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے شرکا کو ملک بھر میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اٹھائے جا رہے حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ ملک بھر میں متعدد غیرقانونی مویشی منڈیاں بند کی جا چکی ہیں اور ذمے داران کو جرمانے سمیت دیگر سزائیں بھی دی گئیں۔
اسد عمر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے ایس او پیز اور دیگر معیارات کی خلاف ورزی کرنے والوں کی جانچ کے لیے ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا گیا۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ وزیر اعظم کی ہدایات پر عمل کریں اور مجمعے میں جانے کے بجائے سادگی کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائیں۔