• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm

والدہ کے صحت یاب ہونے پر روبینہ اشرف کی بیٹی کی جذباتی پوسٹ

شائع July 24, 2020
روبینہ اشرف 2 ماہ تک بیمار رہیں—فوٹو: مینا طارق انسٹاگرام
روبینہ اشرف 2 ماہ تک بیمار رہیں—فوٹو: مینا طارق انسٹاگرام

سینئر اداکارہ روبینہ اشرف 2 ماہ سے زائد عرصے تک کورونا سے مقابلہ کرنے کے بعد 22 جولائی کو مکمل صحت یاب ہوکر گھر پہنچ گئیں۔

روبینہ اشرف میں مئی کے آخر میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور انہوں نے تین جون کو ڈان سے گفتگو کے دوران اپنے ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی تھی۔

اداکارہ نے ساتھ ہی بتایا تھا کہ ان کی طبیعت بہت ہی زیادہ اچھی نہیں ہے اور اس کے ایک ہفتے بعد سوشل میڈیا پر ان کی طبیعت انتہائی ناساز ہونے کی افواہیں گردش کرنے لگی تھیں۔

رواں ماہ 8 جون کو خبریں آئی تھیں کہ روبینہ اشرف کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں داخل کرادیا گیا، تاہم بعد ازاں اداکارہ کی بیٹی اور ان کے قریبی افراد نے ایسی افواہوں کو مسترد کردیا تھا۔

اداکارہ کی بیٹی مینا طارق نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے تمام افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے لوگوں سے والدہ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ روبینہ اشرف میں کورونا کی تصدیق

اور بعد ازاں گزشتہ ماہ 24 جون کو اداکارہ روبینہ اشرف نے بھی طویل عرصے بعد اپنے دوستوں کے ساتھ انسٹاگرام پر پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنی بہتر ہوتی صحت سے متعلق آگاہ کیا تھا۔

روبینہ اشرف نے اپنی برانی تصویر شیئر کرتے ہوئے صحت یابی کے لیے دعائیں کرنے پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

روبینہ اشرف کا 24 جون کو دوسرا ٹیسٹ منفی آیا تھا مگر وہ ہسپتال میں تھیں—فوٹو: مینا طارق انسٹاگرام
روبینہ اشرف کا 24 جون کو دوسرا ٹیسٹ منفی آیا تھا مگر وہ ہسپتال میں تھیں—فوٹو: مینا طارق انسٹاگرام

اگرچہ اداکارہ نے واضح طور پر نہیں لکھا کہ ان کا دوسرا کورونا کا ٹیسٹ منفی آیا یا نہیں تاہم انہوں نے پوسٹ میں وبا سے صحت یاب ہونے کا لفظ استعمال کیا۔

تاہم چند دن بعد ان کے شوہر نے تصدیق کی تھی کہ روبینہ اشرف کا دوسرا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے تاہم وہ طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے مزید کچھ دن ہسپتال میں رہیں گی۔

کورونا کو شکست دینے کے تقریبا ایک ماہ بعد اداکارہ کو چند دن قبل ہی ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا اور ان کی بیٹی مینا طارق نے 22 جولائی کو والدہ کی گھر واپسی پر جذباتی پوسٹ بھی لکھی۔

مزید پڑھیں: روبینہ اشرف کی کورونا کے باعث صحت تشویشناک ہونے کی افواہیں مسترد

مینا طارق نے والدہ کے ساتھ گھر میں خوشگوار موڈ میں کھچوائی گئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے جذباتی انداز میں لکھا کہ انہیں خوف ہوگیا تھا کہ اب وہ دوبارہ اپنی والدہ کی مسکراہٹ نہیں دیکھ سکیں گی۔

اداکارہ کی بیٹی نے مزید لکھا کہ وہ والدہ کی خراب طبیعت کے بعد ڈر گئی تھیں کہ شاید وہ اب دوبارہ اپنی والدہ کے ہاتھوں کو چوم نہیں پائیں گی۔

مینا طارق نے لکھا کہ ان کی والدہ نے بیماری سے ایک ماہ تک جنگ لڑی اور اس دوران انہوں نے ہر لمحے خدا سے اپنی ماں کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔

اداکارہ کی بیٹی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ اپنی والدہ کے بغیر کچھ بھی نہیں۔

مینا طارق نے والدہ کی گھر واپسی پر گھر کو سجانے اور ان کی پیاری تصاویر کھینچنے پر ساتھ دینے والے افراد کا شکریہ بھی ادا کیا اور ساتھ ہی انہوں نے والدہ کی صحت یابی کے لیے دعائیں کرنے والے مداحوں کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024