• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

اسد عمر نے عیدالاضحیٰ، محرم کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی پر خبردار کردیا

شائع July 24, 2020
وفاقی وزیر اسد عمر—فائل فوٹو: رائٹرز
وفاقی وزیر اسد عمر—فائل فوٹو: رائٹرز

کوئٹہ: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے خبردار کیا ہے کہ اگر لوگ عیدالاضحیٰ کی تعطیلات اور محرم الحرام کے دوران کورونا وائرس کا پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر سختی سے عمل نہیں کرتے تو ملک میں کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں منعقدہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی) کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کورونا وائرس کے تناظر میں درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ملک میں قومی یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان علیانی اور صوبائی وزرا نے اجلاس میں شرکت کی جس میں نمازِ عید اور دیگر اجتماعات کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

مزید پڑھیں: مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہیں ہورہا، این سی او سی

اسد عمر نے صحت عامہ کے تحفظ اور اس کے لیے مرتب کردہ ہدایات پر عملدرآمد پر حکومت بلوچستان اور سول انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو عیدالاضحیٰ، محرم اور مویشی منڈیوں کی سرگرمیوں کے ضابطہ اخلاق اور ایس او پیز سے عوام کو آگاہ کرنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔

علاوہ ازیں اسد عمر نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے اگلے 2 ہفتے انتہائی اہم ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کیا گیا تو ملک کو وبا کے منفی اثر کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے صوبوں میں این سی او سی کے اجلاس طلب کرنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی۔

جام کمال خان نے کہا کہ صوبوں میں اجلاسوں کے انعقاد سے اہم مسائل میں ہم آہنگی اور انہیں سمجھنے میں مدد ملی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ این سی او سی نے وسائل کی فراہمی، طبی آلات تک رسائی اور صوبوں کی صلاحیت بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: این سی او سی کا اہم قدم، ملک بھر میں 250 اضافی وینٹی لیٹرز کی فراہمی

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ پوری قوم نے ایک طویل اور مشکل سفر سے کامیابی کے ساتھ کورونا وائرس کے چیلنج کا مقابلہ کیا اور اللہ کے فضل سے اس عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکا۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ صورتحال میں بہتری آرہی ہے۔

این سی او سی کے اجلاس میں نیشنل کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان، قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری، فوکل پرسن برائے کورونا وائرس ڈاکٹر فیصل سلطان، چیف سیکریٹری بلوچستان ریٹائرڈ کیپٹن فضیل اصغر، بلوچستان کی پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت ڈاکٹر روبابہ خان، وفاقی سیکریٹری صحت عامر خان، سی او ایس سدرن کمانڈ میجر جنرل دلاور خان، انسپکٹر جنرل بلوچستان پولیس محسن حسن بٹ اور دیگر اعلی عہدیدار شریک ہوئے۔

علاوہ ازیں دیگر صوبوں کے چیف سکریٹریز نے بھی ویڈیو لنکس کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔


یہ خبر 24 جولائی، 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024