ناراض کترینہ کا کھلا خط
سپین میں ابیزا کے ساحل سمندر پر چھٹیاں مناتے ہوئے ان کی اور رنبیر کپور کی تصاویرمیڈیا میں آنے پر بولی وڈ کی خاتون اداکار کترینہ کیف بہت ناراض ہیں۔
انہیں لگتا ہے کہ میڈیا کے ایک سیکشن نے ان کی نجی زندگی میں بے جا مداخلت کرتے ہوئے انہیں دھوکہ دیا ہے۔
اپنی ناراضی کو ظاہر کرنے کے لیے انہوں نے میڈیا کے نام ایک کھلا خط لکھا ہے ، جو کچھ یوں ہے:
میں یہ بتانا چاہتی ہوں کہ ایک فلم میگزین کی جانب سے میری ذاتی زندگی میں مداخلت کرتے ہوئے تصویریں چھاپنے پر (اور دوسرے میڈیا نے بھی انہی تصاویر کو استعمال کیا)، میں بہت دل برداشتہ اور پریشان ہوں-
کسی شخص نے بزدلانہ طور پر یہ تصویریں بلا اجازت اس وقت کھینچیں جب میں چھٹیوں پر تھی اور پھر اس شخص نے ان تصویریں کو اپنے مالی فائدے کے لئے استعمال بھی کیا۔
صحافیوں کا ایک خاص ٹولہ، رازداری اور شرافت کی تمام حدود پار کرتے ہوئے مشہور شخصیات کو نشانہ بناتا ہے۔
تاہم زیادہ افسوس ناک بات یہ ہے کہ ان تصاویر کی اشاعت کے بعد بقیہ میڈیا نے بھی انہیں استعمال کیا جو اس مخصوص ٹولے کی بے جا حمایت اور حوصلہ افزائی کے مترادف ہے۔میں یہ تصاویر استعمال کرنے والے تمام میڈیا سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ ایسا نہ کریں۔
میڈیا کے ساتھ میرے تعلقات ہمیشہ خوشگوار رہے ہیں اور میڈیا کسی بھی وقت مجھ تک باآسانی رسائی رکھتا ہے۔
اس بے تکے اور ناگوار رویے کی میری نظر میں کوئی وجہ نظر نہیں آتی-
منجانب: کترینہ کیف
بشکریہ : ٹائمز آف انڈیا












لائیو ٹی وی