• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

ایلون مسک اور جیمز فرانکو سے ناجائز تعلقات نہیں رہے، امبر ہرڈ

شائع July 22, 2020
امبر ہرڈ پہلی بار 20 جولائی کو اپنا بیان ریکارڈ کروانے پہنچیں—فوٹو: رائٹرز
امبر ہرڈ پہلی بار 20 جولائی کو اپنا بیان ریکارڈ کروانے پہنچیں—فوٹو: رائٹرز

ہولی وڈ اداکارہ امبر ہرڈ نے لندن کی ہائی کورٹ میں اپنے سابق شوہر اداکار جونی ڈیپ کی جانب سے غیر ازدواجی تعلقات کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بیان دیا ہے کہ ان کے کبھی بھی ایلون مسک اور جیمز فرانکو سے ناجائز تعلقات نہیں رہے۔

امبر ہرڈ پر ان کے سابق شوہر کے وکلا نے لندن کی ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران الزامات لگائے تھے کہ اداکارہ کے 2015 اور 2016 کے درمیان دو غیر محرم مرد حضرات سے تعلقات تھے۔

دوران سماعت عدالت کو آگاہ کیا گیا تھا کہ جونی ڈیپ سے شادی کے ابتدائی ایام میں ہی امبر ہرڈ نے کاریں اور سائنسی آلات بنانے والی نجی کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک سے ناجائز تعلقات استوار کرلیے تھے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ امبر ہرڈ نے ایلون مسک کے علاوہ ایک اور ساتھی اداکار جیمز فرانکو سے بھی شادی کے فوری بعد ہی تعلقات استوار کرلیے تھے۔

تاہم اداکارہ نے سابق شوہر کے وکلا کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا۔

اداکارہ نے ایلون مسک سے تعلقات کے الزامات کو بھی مسترد کیا—فوٹو: اسپلاش نیوز
اداکارہ نے ایلون مسک سے تعلقات کے الزامات کو بھی مسترد کیا—فوٹو: اسپلاش نیوز

بینکاک پوسٹ نے اپنی خبر میں رائٹرز کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ امبر ہرڈ 21 جولائی کو بھی لندن کی ہائی کورٹ میں اپنا بیان ریکارڈ کروانے کے لیے پیش ہوئیں، جہاں انہوں نے خود پر غیر محرم مرد حضرات سے ناجائز تعلقات کو مسترد کیا۔

امبر ہرڈ نے عدالت کو بتایا کہ وہ 2015 تو کیا 2016 میں بھی ایلون مسک سے نہیں ملی تھیں اور یہ کہ ان کے کبھی بھی ساتھی اداکار جیمز فرانکو سے ناجائز تعلقات نہیں رہے۔

دوران سماعت جونی ڈیپ کے وکلا نے عدالت میں امبر ہرڈ اور ایلون مسک کے درمیان موبائل پیغامات کے ذریعے ہونے والے روابط کے ثبوت بھی پیش کیے۔

یہ بھی پڑھیں: جونی ڈیپ نے قتل و دوسروں سے ’ریپ‘ کروانے کی دھمکیاں دیں، امبر ہرڈ

جب کہ جونی ڈیپ کے وکلا نے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پیش کیے، جن میں امبر ہرڈ کو رات دیر گئے ساتھی اداکار جیمز فرانکو کے ساتھ گھر سے بابر نکلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

امبر ہرڈ نے تسلیم کیا کہ ویڈیو میں نظر آنے والا شخص جیمز فرانکو ہی ہے مگر ان کے درمیان ناجائز تعلقات نہیں رہے۔

اداکارہ نے جیمز فرانکو سے تعلقات کے الزامات کو بھی مسترد کیا—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے جیمز فرانکو سے تعلقات کے الزامات کو بھی مسترد کیا—فوٹو: انسٹاگرام

اس سے قبل اسی کیس میں ایلون مسک کے فلیٹ کی عمارت کے چوکیدار نے عدالت کو بتایا تھا کہ انہوں نے متعدد بار امبر ہرڈ کو ارب پتی شخص کے گھر رات کو آتے جاتے دیکھا۔

بی بی بی سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ دوران سماعت عدالت کو آگاہ کیا گیا تھا کہ 2016 میں جب امبر ہرڈ نے اپنے شوبر جونی ڈیپ پر تشدد کا الزام لگایا، اس کے اگلے ہی دن ایلون مسک نے انہیں موبائل پیغام بھیجا کیا کہ وہ ان کے لیے 24 گھنٹے کی سخت سیکیورٹی کا انتظام کر سکتے ہیں۔

تاہم امبر ہرڈ نے دوران سماعت ایلون مسک اور جیمز فرانکو سے جونی ڈیپ سے شادی کے وقت ناجائز تعلقات کے الزامات کو مسترد کیا۔

مزید پڑھیں: امبر ہرڈ نے ایجنڈا کے تحت مجھ سے شادی کرکے دولت و شہرت بٹوری، جونی ڈیپ

مذکورہ کیس میں 20 جولائی کو امبر ہرڈ نے عدالت کو بتایا تھا کہ انہیں سابق شوہر قتل اور دوسرے مرد حضرات سے ’ریپ‘ کروانے کی دھمکیاں بھی دیتے رہے ہیں۔

امبر ہرڈ نے عدالت کو بتایا تھا کہ متعدد بار جونی ڈیپ نے انہیں اس قدر شدید تشدد کا نشانہ بنایا کہ انہیں لگتا تھا کہ وہ مر جائیں گی۔

امبر ہرڈ نے سابق شوہر پر دوسرے مرد حضرات سے ریپ کروانے کے الزامات بھی لگائے—فوٹو: رائٹرز
امبر ہرڈ نے سابق شوہر پر دوسرے مرد حضرات سے ریپ کروانے کے الزامات بھی لگائے—فوٹو: رائٹرز

اداکارہ نے الزام عائد کیا تھا کہ سابق شوہر ان کے چہرے پر تشدد کرتے تھے، انہیں سر پر بھاری چیزیں مارتے تھے، انہیں گھسیٹتے تھے، ان کے سر کے بالوں کو نوچتے تھے اور ان کے جسم پر وزنی چیزوں سے حملہ کرتے تھے۔

لندن ہائی کورٹ میں زیر سماعت مذکورہ کیس اگرچہ براہ راست امبر ہرڈ اور جونی ڈیپ کے درمیان نہیں ہے، تاہم اس کیس کا مرکزی نقطہ دونوں کے تعلقات، شادی اور دونوں میں تشدد کی وجہ سے طلاق ہیں۔

یہ کیس جونی ڈیپ کی جانب سے برطانوی اخبار دی سن کے خلاف 2018 میں دائر کیا گیا تھا۔

اداکار نے اپریل 2018 میں برطانوی اخبار 'دی سن‘ کے خلاف جھوٹا مضمون لکھنے پر لندن کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا۔

’دی سن‘ نے اپنے مضمون میں جونی ڈیپ کو ’بیوی پر تشدد کرنے والا‘ شخص قرار دیتے ہوئے لکھا تھا کہ کس طرح جونی ڈیپ نے اپنی اہلیہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

جونی ڈیپ نے بھی امبر ہرڈ کے تمام الزامات کو مسترد کیا—فوٹو: اے پی
جونی ڈیپ نے بھی امبر ہرڈ کے تمام الزامات کو مسترد کیا—فوٹو: اے پی

مضمون میں جہاں جونی ڈیپ کو بیوی پر تشدد کرنے والے شخص کے طور پر پیش کیا گیا، وہیں ان کی سابق اہلیہ امبر ہرڈ کو ایک مظلوم خاتون کے طور پر بھی پیش کیا گیا تھا۔

اسی کیس کی پہلی سماعت میں 7 جولائی کو جونی ڈیپ نے ایک بار پھر سابق بیوی امبر ہرڈ پر تشدد کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے عدالت کو بتایا تھا کہ ان سے نصف عمر چھوٹی اداکارہ نے ایجنڈا کے تحت ان سے شادی کرکے دولت اور شہرت بٹوری۔

اداکار نے امبر ہرڈ پر تشدد کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ الٹا انہیں سابق بیوی تشدد کا نشانہ بناتی تھی۔

سات جولائی کے بعد جونی ڈیپ نے 14 جولائی تک اپنے بیانات اور حلف نامے مکمل کیے اور انہوں نے ہر سماعت میں امبر ہرڈ پر تشدد کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سابق بیوی ان پر تشدد کرتی رہی ہیں۔

امبر ہرڈ اور جونی ڈیپ نے 2015 میں شادی کی تھی، دونوں میں 2017 میں طلاق ہوگئی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی
امبر ہرڈ اور جونی ڈیپ نے 2015 میں شادی کی تھی، دونوں میں 2017 میں طلاق ہوگئی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی

اور اب امبر ہرڈ اپنے بیانات ریکارڈ کروا رہی ہیں اور مسلسل 2 دن تک عدالت میں پیش ہوئیں اور خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ مزید کم از کم ایک دن عدالت میں پیش ہوں گی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ کیس کی سماعتیں رواں ماہ کے آخر یا آئندہ ماہ اگست کے شروع تک ختم ہوجائیں گی، جس کے بعد عدالت ممکنہ طور فیصلہ سنائے گی۔

واضح رہے کہ 57 سالہ جونی ڈیپ اور 34 سالہ امبر ہرڈ کے درمیان 2011 میں تعلقات استوار ہوئے تھے اور دونوں نے فروری 2015 میں شادی کی تھی۔

شادی کے محض 15 ماہ بعد ہی امبر ہرڈ نے شوہر پر تشدد کا الزام لگاتے ہوئے مئی 2016 میں طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا اور دونوں کے درمیان 2017 کے اوائل میں طلاق ہوگئی تھی۔

امبر ہرڈ نے جونی ڈیپ پر تشدد کا الزام لگایا تھا—فوٹو: ڈیلی ایکسپریس یوکے
امبر ہرڈ نے جونی ڈیپ پر تشدد کا الزام لگایا تھا—فوٹو: ڈیلی ایکسپریس یوکے

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024