بارشوں کے موسم میں گرما گرم کچوریوں سے لطف اٹھائیں
ملک بھر میں مون سون سیزن شروع ہوچکا ہے اور برستی رم جھم میں ہر کسی کا مزیدار پکوان کھانے کا دل چاہتا ہے۔
بارش کے وقت زیادہ تر پسند کیے جانے والے کھانوں میں تلی ہوئی چیزیں مثلاً پکوڑے، سموسے، آلو کے پراٹھے اور کچوریاں شامل ہیں۔
یہاں ہم آپ کو دال بھری خستہ کچوریوں کی مزیدار اور آسان ترکیب بتارہے ہیں جسے بنانے کے بعد آپ بازار سے کچوریاں خریدنا چھوڑ دیں گے۔
کچوری کے ساتھ عموماً آلو کی ترکاری، رائتہ اور اچار پیش کیا جاتا ہے اس لیے یہاں ترکاری کی بھی ترکیب بتائی جارہی ہے۔
کچوری کی فلنگ
دال چنا: آدھی پیالی
کُٹا ہوا زیرہ: ½ چائے کا چمچ
نمک: ½ چائے کا چمچ یا حسب ذائقہ
پسی سرخ مرچ: ½ چائے کا چمچ
دال چنا کو اتنے پانی میں ابال لیں کہ وہ گل جائے لیکن کھڑی کھڑی رہے، تھوڑا ٹھنڈا کرنے کے بعد اس میں نمک، زیرہ اور لال مرچ شامل کر کے چمچ کی مدد سے پیس لیں۔
کچوری
میدہ: 2 کپ
گھی: 2 کھانے کے چمچ
زیرہ:1 چائے کا چمچ
نمک: 1 چائے کا چمچ یا حسب ضرورت
میدے میں تمام اجزا شامل کر کے پانی سے گوندھ لیں۔
میدے کے چھوٹے چھوٹے پیڑے بنائیں اور اسے ہاتھ سے چپٹا کریں درمیان میں ایک چائے کے چمچ تک چنے کی دال کی فلنگ رکھیں اور کناروں کو سمیٹ کر دوبارہ گول پیڑا بنا لیں۔
اس بات کا خیال رکھیں کہ فلنگ پیڑے سے باہر نہ آئے اس طرح سارے پیڑے بنا کر رکھ لیں، پھر ایک ایک کر کے انہیں ہاتھ یا بیلن کی مدد سے پھیلائیں اور ڈیپ فرائی کرلیں۔
آلو کی ترکاری
آلو: 3 عدد بڑے
نمک: حسب ذائقہ
ہلدی: ¼ چائے کا چمچ
کلونجی: ½ چائے کا چمچ
رائی دانے: ½ چائے کا چمچ
کُٹی لال مرچ: 1 چائے کا چمچ یا حسب ضرورت
تیل: 2 کھانے کا چمچ
آلو کو چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں، اب تیل میں رائی دانے، کلونجی کو ہلکا سا کڑکڑائیں، ساتھ ہی کُٹی لال مرچ، نمک اور ہلدی بھی شامل کردیں۔
پھر انہیں مکس کریں اور آلو بھی ڈال دیں، آلو کو مصالحے کے ساتھ ایک 2 منٹ بھون لیں اور ایک گلاس پانی ڈال کر گلنے کے لیے رکھ دیں۔
جب آلو گل جائیں تو انہیں چمچ کی مدد سے ہلکا ہلکا میش کرلیں۔
گرما گرم کچوریوں کو آلو کی ترکاری، دہی کے رائتے اور اچار کے ساتھ پیش کریں اور گھر والوں سے داد وصول کریں۔