• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کورونا وبا: ملک میں 2 لاکھ 64 ہزار 593 کیسز میں سے 2 لاکھ 4 ہزار سے زائد صحتیاب

شائع July 19, 2020 اپ ڈیٹ July 20, 2020
پاکستان میں مجمموعی کیسز میں سے 75 فیصد سے زیادہ صحتیاب ہوگئے—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں مجمموعی کیسز میں سے 75 فیصد سے زیادہ صحتیاب ہوگئے—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں مہلک کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں ٹھہراؤ دیکھا جارہا ہے اور گزشتہ کئی روز سے یومیہ کیسز اور اموات کی تعداد کم ہوئی ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 64 ہزار 593 اور اموات 5 ہزار 591 ہوگئیں جبکہ 2 لاکھ 4 ہزار 276 افراد صحتیاب ہوگئے۔

آج (19 جولائی) کی شام تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 1559 کیسز رپورٹ ہوئے اور 38 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 5 ہزار 767 افراد شفایاب ہوگئے۔

واضح رہے کہ ملک میں شفایاب ہونے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک 75 فیصد سے زائد مریض مکمل صحتیاب ہوچکے ہیں۔

ملک میں اس عالمی وبا کو تقریباً 5 ماہ کا عرصہ گزرچکا ہے اور اس دوران وائرس کے کیسز میں بتدریج اضافہ ہوا تاہم اب تعداد میں کمی سامنے آرہی ہے جس کی ایک وجہ ٹیسٹنگ میں کمی ہونا بھی ہے۔

26 فروی کو ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سب سے بڑے شہر کراچی میں رپورٹ ہوا اور اس کے بعد پورے ملک سے کیسز سامنے آنے لگے۔

پہلے کیس سے لے کر 31 مارچ تک ملک میں لگ بھگ 2 ہزار کیسز اور 26 اموات تھیں، جو اپریل کے آخر تک بڑھ کر 385 تک پہنچیں جبکہ کیسز ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے۔

مئی میں کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا اور 31 تاریخ تک ملک میں 71 ہزار سے زائد کیسز اور 1500 سے زیادہ اموات تھیں، اس کے بعد جون کا مہینہ صورتحال کو مکمل تبدیل کرگیا اور ایک ماہ میں کیسز بڑھ کر 2 لاکھ 12 ہزار اور اموات 4300 سے تجاوز کرگئیں۔

جولائی کے مہینے میں گزشتہ 18 روز کے دوران 50 ہزار سے زائد کیسز اور 1200 سے زیادہ اموات سامنے آچکی ہیں۔

آج (19 جولائی) کو کیسز اور اموات کی تعداد کچھ اس طرح رہی۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 889 نئے کیسز اور 19 اموات کا اضافہ ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے یومیہ اعداد و شمار کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7 ہزار 977 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 889 کے نتائج مثبت آئے، اس طرح سندھ میں کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 13 ہزار 7 ہوگئی۔

مزید برآں ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں مزید 19 افراد لقمہ اجل بنے جس سے مجموعی اموات ایک ہزار 993 تک پہنچ گئیں۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد کافی کم ہوگئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں 328 نئے کیسز اور 12 اموات رپورٹ ہوئیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق پنجاب میں ان نئے 328 مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 89 ہزار 793 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ وہاں 12 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، یوں مجموعی اموات 2 ہزار 79 تک جاپہنچیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 72 افراد کو متاثر کیا۔

سرکاری سطح پر سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 72 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد مجموعی تعداد 14 ہزار 576 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

ملک میں ابتدا میں کم کیسز کا سامنا کرنے والے آزاد کشمیر، میں اب کیسز میں کچھ اضافہ دیکھا جارہا ہے اور وہاں مزید 48 افراد متاثر ہوئے جبکہ ایک اور فرد زندگی کی بازی ہار گیا۔

پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں 48 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور مجموعی کیسز کی تعداد ایک ہزار 8 سو 88 تک پہنچ گئی۔

مزید برآں ایک اور فرد وہاں انتقال کرگیا جس سے اب تک آزاد کشمیر میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 47 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

ملک میں اس وقت سب سے کم متاثر علاقے گلگت بلتستان میں مزید 11 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 2 فرد جان کی بازی ہار گئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 11 افراد کے متاثر ہونے کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد ایک ہزار 807 ہوگئی۔

اس کے علاوہ مزید 2 افراد کے انتقال سے مجموعی اموات 41 تک جاپہنچیں۔

خیبرپختونخوا

خبیر پختونخوا کے محمکہ صحت کا کہنا ہے کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 196 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں 3 اموات ہوئیں جس کے بعد کورونا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر ایک ہزار 142 ہوگئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 32 ہزار 86 تک پہنچ گئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں 25 ہزار 6 افراد کورونا سے صحت یاب بھی ہوئے جبکہ 5 ہزار 938 فعال کیسز ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مزید 12 افراد متاثر ہوئے جبکہ ایک شہری لقمہ اجل بن گیا۔

محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سامنے آنے والے کیسز کے بعد مجموعی تعداد بڑھ کر 11 ہزار 436 ہوگئی ہے۔

بلوچستان میں کورونا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 132 ہوچکی ہے۔

صحتیاب افراد

تاہم ملک میں جہاں کیسز کی تعداد میں کمی آرہی ہے وہیں صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 5 ہزار 767 افراد ایسے تھے جو وائرس سے مکمل صحتیاب ہوگئے۔

اس نئی تعداد کے بعد ملک بھر میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 4 ہزار 276 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 264593

اموات: 5591

صحتیاب: 204276

فعال کیسز: 54522

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 13 ہزار 7 ہیں تو وہیں پنجاب میں یہ تعداد 89 ہزار 793 تک کیسز پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 32 ہزار 86 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 436 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 576، آزاد کشمیر میں 1888 اور گلگت بلتستان 1807 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب:2079

سندھ: 1993

خیبرپختونخوا: 1142

بلوچستان: 132

اسلام آباد: 157

آزاد کشمیر: 47

گلگت بلتستان: 41


پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات ساڑھے 5 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024