• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کووڈ 19 کی شکار ایشوریا رائے اور ان کی بیٹی ہسپتال منتقل

شائع July 18, 2020 اپ ڈیٹ July 19, 2020
ایشوریا رائے اور ان کی بیٹی — فوٹو بشکریہ ایشوریا رائے انسٹاگرام پیج
ایشوریا رائے اور ان کی بیٹی — فوٹو بشکریہ ایشوریا رائے انسٹاگرام پیج

بولی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن اور ان کی بیٹی کو کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کے علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ 11 جولائی کو ایشوریا رائے کے سسر اور بولی وڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن اور ان کے شوہر ابھیشیک بچن میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ ممبئی کے ناناوتی ہسپتال میں داخل ہوگئے تھے۔

امیتابھ اور ابھیشیک بچن میں کورونا کی تصدیق کے ایک دن بعد 12 جولائی کو ایشوریا رائے سمیت بچن خاندان کے دیگر افراد کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج میں ایشوریا رائے اور ان کی بیٹی ارادھیا بچن کے کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آئے۔

مزید پڑھیں : سسر اور شوہر کے بعد ایشوریا رائے بھی کورونا کا شکار

خوش قمستی سے امیتابھ بچن کی اہلیہ جیا بچن کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا.

مثبت ٹیسٹ کے بعد ایشوریا رائے اور ان کی بیٹی نے گھر میں ہی قرنطینہ اختیار کرلیا تھا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق 'تاہم امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن کے بعد جمعے کو ایشوریا رائے اور ان کی بیٹی ارادھنا بھی ناناوتی ہسپتال اس وقت منتقل ہوگئے، جب انہوں نے سانس لینے میں مشکلات کی شکایت کی'۔

تاہم بھارتی خبررساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق دونوں کی حالت بہتر ہے۔

ایشوریا رائے کے ترجمان نے اس حوالے سے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔

46 سالہ ایشوریا رائے نے متعدد بولی وڈ اور ہولی وڈ فلموں میں کام کیا، مس ورلڈ بھی رہیں جبکہ کئی کمپنیوں کی برانڈ ایمبسیڈر بھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن میں کووڈ 19 کی تشخیص، ہسپتال منتقل

77 سالہ امیتابھ بچن اور ان کے 44 سالہ بیتے ابھیشیک بچن ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں ہیں اور ہسپتال انتظامیہ نے بیماری کی شدت کو معتدل قرار دیا ہے۔

امیتابھ بچن کی صحت کے حوالے سے ہسپتال کی جانب سے کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی مگر بولی وڈ اسٹار اکثر ٹوئٹر پیغامات میں اس بارے میں بتاتے رہتے ہیں۔

جمعے کو انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کہا 'خوشی کے لمحات میں، بیماری کے وقت، ہمارے قریبی اور پیارے، ہمارے خیرخواہ، ہمارے مداح ہمیں غیرمشروط محبت فراہم کرتے ہیں'۔

خیال رہے کہ بھارت میں اب تک 10 لاکھ سے زیادہ کورونا وائرس کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے اور وہ اس وبا سے متاثر دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے، جہاں 26 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے وہاں کے کچھ خطوں میں ایک بار پھر جزوی لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024