• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

حدود کی قید ختم، کراچی کے شہریوں کو کسی بھی تھانے میں مقدمہ درج کروانےکی اجازت

شائع July 17, 2020
— فائل فوٹو / شاہزیب احمد
— فائل فوٹو / شاہزیب احمد

کراچی: سٹی پولیس چیف غلام نبی میمن نے پولیس کے آپریشن اور تفتیشی ونگز کو مشترکہ طور پر اسٹریٹ کرائمز کا مقابلہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور شہریوں سے کہا ہے کہ وہ تھانوں کے دائرہ اختیار سے قطع نظر شہر میں کہیں بھی ابتدائی اطلاع رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرا سکتے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق غلام نبی میمن نے بدھ کی رات کو سندھ بوائز اسکاؤٹس آڈیٹوریم میں پولیس افسران سے گفتگو کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کی بحالی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

مزید پڑھیں: کراچی: سندھ پولیس کے انسپکٹرز سمیت 51 اہلکار کورونا وائرس کا شکار

انہوں نے کہا کہ شہید پولیس اہلکار ہماری فورس کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

غلام نبی میمن نے پولیس اہلکاروں کی حالیہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث مجرموں یا گروہوں کی گرفتاری کے لیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔

انہوں نے اسٹیشن ہاؤس افسران (ایس ایچ اوز) کو فوری طور پر مقدمات درج کرنے کی ہدایت کی اور خبردار کیا کہ اس ضمن میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

سٹی پولیس چیف نے مقدمات کی تفتیش بہتر بنانے کے لیے قابل افسران کے تقرر اور کارکردگی نہ دکھانے والے تفتیشی افسران کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی شروع کرنے کے احکامات جاری کیے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا: پولیس کی مظاہرین پر تشدد کی ویڈیو وائرل، 2 افسران معطل

انہوں نے تفتیش کے معیار میں بہتری کے لیے پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹس برائے انویسٹی گیشنز کو اپنے ماتحت افسران کے تربیتی کورسز منعقد کرانے کی ہدایت کی۔

سٹی پولیس چیف نے کہا کہ تفتیشی افسران کو ' چین آف کسٹڈی ' سے متعلق تربیت فراہم کرنی چاہیے جو مقدمات کی بنیاد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس اسٹیشنز کی حدود کے تنازعات کے باعث شہریوں کو جرائم کی ایف آئی آرز درج کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے اور اعلان کیا کہ شہری کہیں بھی ایف آئی آرز درج کرا سکیں گے۔

غلام نبی میمن نے پولیس کو شکایت کنندگان کے لیے مسائل پیدا نہ کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز پر بہتر طریقے سے قابو پانےکے لیے پیٹرولنگ اور نفری میں اضافہ کیا جانا چاہیے اور عادی مجرموں کی گرفتاری کے لیے پیشہ ورانہ حکمت عملی تیار کی جائے تاکہ اسٹریٹ کرائمز پر قابو پایا جاسکے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں 15 پولیس اہلکار کورونا کا شکار، ڈی آئی جی کا محافظ بھی شامل

ٹریفک کے مسائل سے متعلق انہوں نے علاقوں سے تجاوزات ہٹانے کا حکم دیا تاکہ ٹریفک کو آسان بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں مویشی منڈیوں پر پابندی ہے اور انہیں شہر میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024