• KHI: Asr 4:25pm Maghrib 6:02pm
  • LHR: Asr 3:41pm Maghrib 5:19pm
  • ISB: Asr 3:41pm Maghrib 5:19pm
  • KHI: Asr 4:25pm Maghrib 6:02pm
  • LHR: Asr 3:41pm Maghrib 5:19pm
  • ISB: Asr 3:41pm Maghrib 5:19pm

کراچی میں موسلا دھار بارش، متعدد علاقوں میں بجلی حسب روایت غائب

شائع July 17, 2020 اپ ڈیٹ July 18, 2020
کراچی میں مسلسل دوسرے روز بارش ہوئی — فوٹو: اے پی
کراچی میں مسلسل دوسرے روز بارش ہوئی — فوٹو: اے پی

کراچی میں مون سون کے دوسرے اسپیل کے دوران دوسرے روز بھی موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ کرنٹ لگنے سے پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

30 سالہ پولیس اہلکار ارشد علی، جو ریپڈ رسپانس فورس میں تعینات تھے، کو ابراہیم حیدری میں بہار مدینہ واٹر پمپ میں فرائض کی انجام دہی کے دوران کرنٹ لگا، ان کی لاش کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔

فوٹو: امتیاز علی
فوٹو: امتیاز علی

جناح ہسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق کرنٹ لگنے کے دوسرے واقعے میں کلفٹن میں عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے قریب 35 سالہ عابد حسین جاں بحق ہوئے۔

علاوہ ازیں بارش کے باعث آئی آئی چندریگر روڈ پر بندوق والا عمارت کی دیوار گر گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

بلڈنگ کے پاس کھڑی متعدد گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔

دوسری جانب کراچی کے بیشتر علاقوں میں بارش شروع ہوتے ہی بجلی منقطع ہوگئی جو کئی گھنٹے بعد بھی بحال نہ ہوسکی۔

موسلا دھار بارش کے باعث شہر کی اہم سڑکوں اور مقامات پر کئی فٹ پانی جمع ہوگیا جس سے انتظامیہ کی کارکردگی کی ایک بار پھر قلعی کھل گئی اور لوگ گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے مختلف علاقوں میں تیسرے روز بھی بارش، کرنٹ لگنے سے 4 افراد جاں بحق

یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 17 جولائی (آج) دوپہر سے گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی تھی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ بارش پی اے ایف فیصل بیس پر ہوئی۔

پی اے ایف فیصل بیس پر 63 اعشاریہ 5 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ صدر میں 41 ملی میٹر، گلشن حدید اور لانڈھی میں 40 ملی میٹر،ایم او ایس28 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ یونیورسٹی روڈ میں 16ملی میٹر، جناح ٹرمینل میں 15 ملی میٹر، ناظم آباد میں 9 ملی میٹر، مسرور بیس میں 5 اعشاریہ7 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز نے کہا تھا کہ بارشوں کا نیا اسپیل ایک سے 2 روز تک جاری رہے گا اور بارش سے قبل گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی۔

خیال رہے کہ بارش کا سلسلہ گزشتہ روز شام سے شروع ہویا تھا اور متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہوئی تھی۔

جمعہ کو کراچی کے تقریباً تمام علاقوں بشمول گلشن اقبال، گارڈن، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، اولڈ سٹی ایریا، شاہراہ فیصل، گلستان جوہر، یونیورسٹی روڈ، سہراب گوٹھ، ملیر کینٹ، اورنگی ٹاؤن، ناظم آباد، شیرشاہ، سرجانی سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں کل سے بارشیں، گرد آلود ہوائیں چلنے کی پیش گوئی

تاہم بعض علاقوں میں بارش کا دورانیہ مختلف رہا، کورنگی اور گلشن حدید میں 45 منٹ تک موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ملیر کے مختلف علاقوں میں ہوا کے ساتھ بارش 30 منٹ تک برسی۔

بارش سے قبل سمندری ہوا بند ہونے سے موسم شدید گرم اور مرطوب ہوگیا تھا تاہم بارش کے ساتھ ہی گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

گزشتہ چند روز سے کراچی سمیت سندھ بھر میں شدید گرمی اور حبس کا راج تھا لیکن محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ یہ ہیٹ ویو نہیں اور آئندہ دنوں میں گرمی کی شدت میں کمی کا امکان بھی ظاہر کیا تھا۔

خیال رہے کہ کراچی میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے جہاں سیلابی صورتحال پیدا ہونے (اربن فلڈنگ) کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے وہیں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے ستائے کراچی کے عوام بارش کی پہلی بوند کے ساتھ بجلی غائب ہونے سے پریشان ہیں۔

6 جولائی کو کراچی میں مون سون کی پہلی بارش ریکارڈ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں خاتون اور بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ شہر کے اکثر علاقوں کی بجلی غائب ہو گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 12 جنوری 2025
کارٹون : 9 جنوری 2025