• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

وزیر اعلیٰ پنجاب کا بلوچستان میں ہسپتال اور زائرین کمپلیکس قائم کرنے کا اعلان

شائع July 17, 2020
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پشین کے دورے کے دوران ایک ارب روپے کا چیک وزیر اعلیٰ بلوچستان کے حوالے کردیا۔  فائل فوٹو:ٹوئٹر
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پشین کے دورے کے دوران ایک ارب روپے کا چیک وزیر اعلیٰ بلوچستان کے حوالے کردیا۔ فائل فوٹو:ٹوئٹر

کوئٹہ: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ایک ارب روپے کی لاگت سے تربت میں ایک سو بستروں پر مشتمل ہسپتال اور تفتان میں زائرین کے لیے کمپلیکس کے قیام کا اعلان کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے یہ بات جمعرات کو وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کے ہمراہ پشین کے دورے کے موقع پر ایک استقبالیہ میں قبائلی عمائدین اور عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایک ارب روپے کا چیک وزیراعلیٰ بلوچستان کے حوالے کیا۔

مزید پڑھیں: 'وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کہیں نہیں جارہے'

ہسپتال پر 75 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور تفتان میں پاک افغان سرحد پر زائرین کے لیے ایک کمپلیکس 25 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ہسپتال اور کمپلیکس پنجاب اور بلوچستان کے عوام کے مابین باہمی تعاون، محبت اور تفہیم کا یادگار بن جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 'ہم ایک ہیں اور ان لوگوں کے مذموم مقاصد کو شکست دی جائے گی جو نفرت پھیلانا چاہتے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت باتوں کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ 'بلوچستان میرا دوسرا گھر ہے کیوں کہ میرے آبائی ضلع کی سرحد موسیٰ خیل کے ساتھ لگتی ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: جب تک عثمان بزدار کے ساتھ عمران خان ہیں، کسی کارکردگی کی ضرورت نہیں، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت، بلوچستان کی حکومت اور بلوچستان کے عوام کے لیے ہر طرح کی مدد اور تعاون کرے گی۔

اپنے استقبالیہ خطاب میں وزیر اعلی بلوچستان نے عثمان بزدار کی جانب سے تربت میں ہسپتال اور تفتان میں زائرین کے لیے ایک کمپلیکس بنانے کے فیصلے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کے دورے کے ساتھ ہی دونوں صوبوں کے مابین خوشگوار تعلقات کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے پنجاب میں اپنے بھائیوں کے ساتھ جذباتی تعلقات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہم مشترکہ طور پر کوششیں کرکے اپنے لوگوں کے مسائل حل کریں گے'۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024