سشانت سنگھ کی خودکشی، سلمان خان سے پوچھ گچھ کی چہ مگوئیاں
گزشتہ ماہ 14 جون کو بولی وڈ کے نوجوان اداکار 34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت نے اپنی ہی رہائش گاہ پر ملازمین اور دوست کی موجودگی میں خودکشی کرلی تھی۔
سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی پر بولی وڈ سمیت بھارت بھر میں لوگ غصے میں دکھائی دیے تھے اور لوگوں نے اداکار کی خودکشی کی وجہ سے فلم انڈسٹری میں جاری اقربا پروری اور بڑے اداکاروں کی بے رحمی کو قرار دیا تھا۔
ابتدائی طور پر سشانت سنگھ راجپوت کے قتل کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے مگر ان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اس بات کا عندیہ نہیں دیا گیا تھا کہ اداکار کو قتل کیا گیا ہے۔
سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد ریاست بہار کی ایک عدالت میں مقامی وکیل نے اداکار سلمان خان اور فلم ساز کرن جوہر سمیت 8 بولی وڈ شخصیات کے خلاف قتل کا مقدمہ چلانے کی درخواست بھی دائر کی تھی مگر عدالت نے اسے مسترد کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کرلی
سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے فوری بعد ممبئی پولیس نے ان کی خودکشی کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش شروع کی تھی جو اب جلد مکمل ہونے والی ہے۔
پولیس نے اسی تفتیش کے سلسلے میں اب تک سشانت سنگھ کے اہل خانہ اور ان کے ملازمین سمیت ان کی سابق گرل فرینڈ اداکارہ چکربورتی سے بھی تفتیش کی تھی۔
پولیس نے تفتیش کے سلسلے میں گزشتہ ہفتے بولی وڈ اداکار سلمان خان کی سابق خاتون مینیجر کو بھی بلایا تھا، جس کے بعد چہ مگوئیاں شروع ہوئیں کہ پولیس کسی وقت بھی سلمان خان کو تفتیش کے لیے بلا سکتی ہیں۔
خبریں تھیں کہ سلمان خان کی سابق مینیجر نے اپنے بیان میں پولیس کو بتایا تھا کہ بولی وڈ دبنگ ہیرو سشانت سنگھ کے ساتھ فلم بنانا چاہتے تھے مگر پھر ان کے درمیان کچھ معاملات خراب ہوگئے اور سلمان خان نے ارادہ ترک کردیا۔
ایسی افواہیں پھیلنے کے بعد بھارتی میڈیا میں یہ خبریں پھیل گئیں کہ ممبئی پولیس سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے معاملے میں کسی وقت بھی سلمان خان کو تفتیش کے لیے بلا سکتی ہے۔
تاہم اب ممبئی پولیس نے ایسی چہ مگوئیوں پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس سلمان خان کو پوچھ گچھ کے لیے نہیں بلائے گی۔
ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں سشانت سنگھ راجپوت کیس کی تفتیش کرنے والے اعلیٰ افسر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس کا سلمان خان سے پوچھ گچھ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
پولیس افسر نے سلمان خان کو تھانے پر پیش ہونے کے لیے سمن جاری کیے جانے کی خبروں کو مسترد کیا۔
ٹائمز آف انڈیا نے اپنی ایک اور رپورٹ میں بتایا کہ ممبئی پولیس نے اب تک 35 شخصیات کے بیانات ریکارڈ کرلیے ہیں اور جلد ہی پولیس تفتیش کو مکمل کرلے گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران متعدد شخصیات اور اداروں سے تفتیش کرنے سمیت اداکار کے گھر سے ملنے والی دستاویزات سے بھی پولیس کو کوئی خاص چیز نہیں ملی۔
رپورٹ میں ذرائع سے بتایا گیا کہ پولیس آئندہ چند ہفتوں میں کیس کی تفتیش مکمل کرکے رپورٹ کو عام کر دے گی اور اب تک کی اطلاعات کے مطابق پولیس کو اداکار کی خودکشی کے کیس میں کوئی سنسنی خیز معلومات نہیں ملی۔