• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ملک میں کورونا وائرس سے مزید 2074 افراد متاثر، اموات 5 ہزار 366 ہوگئیں

ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 70 ہزار 656 ہوگئی—تصویر: رائٹرز
ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 70 ہزار 656 ہوگئی—تصویر: رائٹرز

دنیا بھر میں ایک کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد کو متاثر اور 5 لاکھ 72 ہزار سے زائد ہلاکتوں کا باعث بننے والے مہلک کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کی تعداد پاکستان میں بھی روز بروز بڑھ رہی ہے۔

آج 14 جولائی کو سامنے آنے والے کورونا کے نئے اعداد و شمار کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 55 ہزار 56 جبکہ اموات 5 ہزار 366 تک پہنچ گئیں۔

ملک میں منگل کو کورونا وائرس کے 2074 نئے کیسز اور 65 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ مزید 8 ہزار 736 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے۔

یاد رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے ابتدائی دو کیسز ایک ہی دن یعنی 26 فروری کو کراچی اور گلگت بلتستان میں سامنے آئے تھے اور 4 ماہ کے بعد پاکستان کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں 12ویں نمبر پر ہے۔

تاہم جولائی کے آغاز سے پاکستان میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں کافی حد تک کمی دیکھنے میں آئی۔

ملک میں پہلے کیس کے بعد سے 31 مارچ تک متاثرہ افراد کی تعداد لگ بھگ 2 ہزار کے قریب تھی جبکہ 26 اس بیماری کے باعث لقمہ اجل بنے تھے تاہم اپریل میں کیسز بڑھنا شروع ہوئے اور ایک ماہ میں یہ ساڑھے 16 ہزار کے مجموعی ہندسے کو عبور کرگئے جبکہ اموات 385 تک جاپہنچیں۔

مئی کا مہینہ صورتحال میں یکسر تبدیلی کا باعث بنا اور مہینے کے آخر تک کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

جس کے بعد جون کے مہینے میں کیسز کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھا گیا اور ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 6 ہزار سے زائد تک جا پہنچی تھی۔

جون کے آخری دن تک ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 2 لاکھ 12 ہزار 541 تک جا پہنچی جبکہ 4 ہزار 354 مریض زندگی کی بازی ہار چکے تھے۔

تاہم جولائی کے آغاز سے کیسز اور شرح اموات میں کمی رپورٹ ہونے کے باوجود حکام نے زور دیا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھا جائے۔

سندھ

ملک میں تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ افراد سندھ میں متاثر ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک ہزار 151 افراد میں اس کی تشخیص ہوئی۔

حکومت سندھ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مزید 37 مریض دم توڑ گئے جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد ایک ہزار 863 ہوگئی۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق اس وقت صوبے میں 40 ہزار 490 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 843 کی حالت تشویشناک ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب کی صورتحال گزشتہ ماہ کے مقابلے میں قدرے بہتر ہوتی نظر آرہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 449 نئے کیسز سامنے آئے۔

ملک میں کووِڈ 19 کی صورتحال پر نظر رکھنے والے پورٹل کے اعداد و شمار کے مطابق مزید 16 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد پنجاب میں اموات کی تعداد 2026 تک پہنچ گئی ہے۔

اب تک پنجاب میں مجموعی طور پر 87 ہزار 492 افراد وبا کا شکار بن چکے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں مزید 94 کیسز سامنے آئے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متاثرہ افراد کی تعداد 14 ہزار 108 سے بڑھ کر 14 ہزار 202 ہوگئی۔

سرکاری ویب سائٹ کے مطابق شہر اقتدار میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 مریض کورونا وائرس کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار گئے۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 254 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 31 ہزار 1 ہوگئی۔

صوبے میں مزید 8 مریض لقمہ اجل بن گئے جس کے بعد خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد 1114 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

کورونا وائرس کے حوالے سے صوبائی حکومت کی یومیہ صورتحال کی رپورٹ میں بلوچستان میں وبا کے مزید 47 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

اس اضافے کے بعد صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہزار 239 ہوگئی۔

بلوچستان میں کورونا سے مزید ایک مریض زندگی کی بازی ہار گیا جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 127 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

اؔزاد کشمیر میں وبا کا پھیلاؤ خوش قسمتی سے شروع سے ہی کافی حد تک کنٹرول میں رہا تاہم آج 56 نئے کیسز اور ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔

اس طرح آزاد کشمیر میں اب تک ایک ہزار 655 افراد وبا سے متاثر جبکہ 45 انتقال کر چکے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگلت بلستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 23 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور متاثرین کی مجموعی تعداد ایک ہزار 694 ہوگئی۔

سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گلگت میں آج کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی اور اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 36 ہے۔

صحتیاب افراد

روز بروز کورونا وائرس کے نئے کیسز رپورٹ ہونے کے ساتھ ساتھ وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی مسلسل بڑھ رہی ہے۔

کووِڈ 19 کے سرکاری پورٹل کے مطابق کے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 8 ہزار 739 مریض اس وائرس سے مکمل شفایاب ہوگئے۔

اس طرح پاکستان میں ان 4 ماہ سے زائد کے عرصے میں کورونا وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد ایک لاکھ 61 ہزار 917 سے بڑھ کر ایک لاکھ 70 ہزار 656 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 255056

اموات: 5366

صحتیاب: 170656

فعال کیسز: 79034

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 7 ہزار 773 ہیں تو وہیں پنجاب میں یہ تعداد 87 ہزار 492 تک کیسز پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 31 ہزار 1 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 239 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 202 ، گلگت بلتستان میں 1694 اور آزاد کشمیر 1655 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب:2026

سندھ: 1863

خیبرپختونخوا: 1114

بلوچستان: 127

اسلام آباد: 155

آزاد کشمیر: 45

گلگت بلتستان: 36

پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 5 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024