گوگل کا بھارت میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان
گوگل کے چیف ایگزیکٹو سندرپیچائی نے بھارت میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا ہے۔
گوگل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے پیر کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی جس میں مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔
مودی نے گوگل کے سربراہ سے عالمی وبا کے باعث درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔
بعد ازاں گوگل کے سربراہ نے 'گوگل فار انڈیا' کے چھٹے ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوگل بھارت میں آئندہ 5 سے 7 سال میں 10ارب ڈالر (75ہزار کروڑ بھارتی روپے) کی سرمایہ کاری کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ایسا ایکویٹی سرمایہ کاری، شراکت دار، آپریشن انفرا اسٹرکچر اور ایکو سسٹم میں سرمایہ کاری کی مدد سے کریں گے۔
ادھر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ آج صبح ہماری سندر پیچائی سے ملاقات بہت اچھی رہی، ہم نے مختلف موضوعات پر گفتگو کی خصوصاً ٹیکنالوجی کی طاقت سے استفادہ کرنے پر گفتگو کی گئی تاکہ بھارتی کسانوں، نوجوانوں اور کاروباری افراد کی زندگی میں تبدیلی لائی جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے گفتگو کے دوران سندر پیچائی نے اور میں نے کورونا وائرس کے باعث جنم لینے والے نئے کلچر پر گفتگو کی، ہم نے کورونا کے باعث کھیلوں وغیرہ جیسی صنعت کو درپیش چیلنجز پر گفتگو کی جبکہ ہم نے ڈیٹا سیکیورٹی اور سائبر تحفظ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ وہ گوگل کی جانب سے تعلیم، ڈیجیٹل ادائیگیوں سمیت مختلف شعبوں میں کی جانے والی کوششوں کے بارے میں جان کر بہت خوش ہوئے۔
ان کے جواب میں سندر پیچائی نے بھی ٹوئٹ میں جواب دیا کہ وزیر اعظم آپ کا وقت دینے کا شکریہ، آپ کے ڈیجیٹل انڈیا کے وژن کے حوالے سے بہت پرامید ہوں اور اس سلسلے میں کام کرنے کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔