پاک بحریہ کے بیڑے میں جدید جہاز 'پی این ایس یرموک' کی شمولیت
پاکستان نیوی کے بحری بیڑے میں نئے جدید جہاز 'پی این ایس یرموک' کو شامل کر لیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق شمولیت کی تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوئی، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیول چیف نے قلیل وقت میں جہاز کی تعمیر پر ڈامین شپ یارڈ رومانیہ اور پراجیکٹ ٹیم کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ یہ جدید جنگی جہاز جدید ہتھیار اور دفاعی نظام سے لیس ہے، پی این ایس یرموک متعدد نیول آپریشنز انجام دینے اور ہیلی کاپٹر اور ڈرون لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ اس سلسلےکا دوسرا جہاز 'پی این ایس تبوک' عنقریب پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل کیا جائے گا۔
تقریب سے خطاب میں نیول چیف نے پی این ایس یرموک کی بحری بیڑے میں شمولیت کو پاک بحریہ کے لیے اہم سنگ میل قرار دییتے ہوئے کہا کہ بحری بیڑے میں جدید کارویٹ کی شمولیت پاکستان کے سمندری مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کی طاقت کو بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔
امیر البحر نے کہا کہ یہ جہاز پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرول کے اقدامات کے ذریعے خطے میں پائیدار بحری توازن قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی حالت زار پر روشنی ڈالتے ہوئے مہمان خصوصی نے بھارتی مظالم کے خلاف ان کی مثالی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے ملک بھر میں وبائی مرض کورونا سے لڑنے والے طبی اور پیرامیڈیکل عملے کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔