راولپنڈی میں ہوٹلز اور شادی ہالز کھولنے کا مطالبہ
گزشتہ روز ہوٹلز، ریسٹورنٹ، شادی ہالز اور کیٹرنگ سروسز سے وابستہ افراد نے فیض آباد پر کاروبار کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا تھا کیونکہ وہ ملازمتوں سے محروم ہورہے ہیں اور انہیں مالی مسائل کا سامنا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے 200 سے زائدملازمین اور مالکان مری روڈ پر جمع اور نمازِ جمعہ کے بعد ایک گھنٹے کے لیے فیض آباد پر واقع روڈ بند کردیا۔
شرکا نے اپنے مطالبات پر مبنی پلے کارڈز اور بینرز تھامے ہوئے تھے۔
ایمپلائز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر ندیم راجا اور راولپنڈی ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر شاہد غفور پراچہ نے بھی اس موقع پر بات کی۔
ندیم راجا نے ڈان کو بتایا کہ گزشتہ 4 ماہ کی بندش کے باعث ہوٹل انڈسٹری کے ملازمین کو نقصان کا سامنا ہے، انہوں نے مزیدکہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کئی ورکرز ملازمت سے محروم ہوچکے ہیں۔