• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

فرانس میں جنگ عظیم دوم کا 500 کلو وزنی بم برآمد

شائع July 9, 2020
بم ملنے کے بعد 23 سو مکینوں سے علاقہ خالی کروالیا گیا—تصویر: اے ایف پی
بم ملنے کے بعد 23 سو مکینوں سے علاقہ خالی کروالیا گیا—تصویر: اے ایف پی

فرانس کے ساحلی شہر میں جنگ عظیم دوم کا ایک بم برآمد ہونے کی وجہ سے سیکٹروں لوگوں کو اپنے گھروں سے منتقل ہونا پڑا۔

فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بم 500 کلو وزنی تھا جسے ماہرین نے ناکارہ بنایا۔

مقامی حکومت نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ مذکورہ بم جنوب مغربی ساحلی شہر سینٹ نیزائر میں ایک عمارت کی تعمیراتی سائٹ پر دریافت ہوا جسے ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔

حکام کا مزید کہنا تھا کہ ’تمام کارروائی منصوبہ بندی کے مطابق ہوئی اور بم کو تباہ کرنے کے نتیجے میں ایک چھوٹا سا دھماکا ہوا‘۔

رپورٹ کے مطابق 4 فٹ (130 سینٹی میٹر) طویل بم برطانوی فضائیہ نے شہری علاقے پر گرایا تھا اس لیے ٹیم کو اس کارروائی سے قبل 400 میٹر کا علاقہ خالی کروانا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: دوسری جنگ عظیم کے بم کی دریافت پر لندن ایئر پورٹ بند

اس سلسلے میں 23 سو مکینوں سے علاقہ خالی کروالیا گیا اور ماہرین نے بم کو کاٹ کر تباہ کرنے سے پہلے اس کے ارد گرد ایک گہرا گڑھا کھودا۔

خیال رہے کہ سینٹ نیزائر جنگ عظیم دوم کے دوران ایک انتہائی اہم بندرگاہ تھی اور نازی افواج نے اٹلانٹک کے لیے اپنے جنگی بحری جہاز یہاں لنگر انداز کیے تھے۔

برطانوی افواج نے 1942 میں اس بندرگاہ پر بمباری کی تھی اور باقی جنگ کے دوران یہ علاقہ کارروائی سے الگ ہوگیا تھا۔

خیال رہے کہ 70 سال سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود اب تک جنگ عظیم دوم کی باقیات برآمد ہوتی رہتی ہیں ایسا کچھ جنگی ساز و سامان 2018 جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ایک الیمنٹری اسکول سے ملا تھا جس میں بندوقیں، تلواریں اور دستی بم شامل تھے۔

مزید پڑھیں: جاپان: اسکول سے جنگ عظیم دوم کا فوجی سامان برآمد

اسکول سے برآمد ہونے والے ہتھیاروں میں 1400 فائر آرمز، 1200 تلواریں، 302 گولیاں اور 8 دستی بم شامل تھیں۔

اس سے قبل اگست 2017 میں جاپان کے فوکوشیما جوہری پلانٹ کے احاطے سے جنگ عظیم دوم کا بم برآمد ہوا جو پھٹ نہیں سکا تھا۔

85 سینٹی میٹر (تقریباً 2.9 فٹ) لمبا بم، ملازمین کو نیوکلیئر پلانٹ کے نزدیک پارکنگ کی تعمیر کے دوران ملا جس کے بارے میں خیال تھا کہ یہ جنگ عظیم کے دوران اسے امریکا نے گرایا تھا تاہم یہ پھٹ نہیں سکا تھا۔

اسی طرح فروری 2018 میں برطانیہ کے لندن ایئرپورٹ کو اس وقت بند کردیا گیا جب تعمیراتی کام کرنے والے مزدوروں نے ایئر پورٹ کے قریب سے گزرنے والے دریائے تھامس سے دوسری جنگ عظیم میں استعمال کیا جانے والا بم برآمد کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024