• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا وائرس: سندھ میں کیسز ایک لاکھ سے زائد، ملک میں اموات 5 ہزار سے بڑھ گئیں

شائع July 9, 2020 اپ ڈیٹ July 10, 2020
پاکستان میں شفایاب افراد کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں شفایاب افراد کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک مجموعی طور پر 2 لاکھ 42 ہزار 740 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 5 ہزار 32 ہے۔

ملک میں جمعرات کو کورونا وائرس کے 3 ہزار 11 نئے کیسز اور 78 اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا جبکہ 4 ہزار 346 افراد وائرس سے شفایاب ہوگئے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد اگرچہ کم ہوئی ہے تاہم اب بھی ہزاروں کی تعداد میں نئے کیسز سامنے آرہے ہیں لیکن حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں ہی مریض شفایاب بھی ہورہے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو سامنے آیا تھا جس کے بعد اس میں بتدریج اضافہ ہوا اور جون کا مہینہ اب تک سب سے تشویش ناک ثابت ہوا۔

فروری سے لے کر مارچ کے آخر تک ملک میں لگ بھگ 2 ہزار کیسز تھے جبکہ اموات 26 تھیں، جو اپریل کے اختتام تک بڑھ کر 385 تک پہنچ گئیں جبکہ کیسز ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے۔

مئی کے مہینے میں کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا اور یہ تعداد 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے بڑھ گئیں تاہم جون میں صورتحال مکمل بدل گئی اور 30 تاریخ تک ملک میں مصدقہ کیسز 2 لاکھ 12 ہزار جبکہ اموات 4300 سے تجاوز کرگئیں۔

جولائی کے آغاز سے اگرچہ کیسز کی یومیہ تعداد کچھ کم ہوئی ہے تاہم گزشتہ 8 روز کے دوران 27 ہزار کے لگ بھگ نئے کیسز اور 600 سے زیادہ اموات سامنے آچکی ہیں۔

آج (9 جولائی) کو بھی پاکستان میں نئے کیسز اور اموات کی تصدیق ہوئی۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی جس کے بعد وہ ملک کا پہلا صوبہ بن گیا جہاں کیسز ایک لاکھ کو عبور کرگئے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سندھ میں کورونا وائرس کے ایک ہزار 538 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس سے مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 900 تک پہنچ گئی۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں 40 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے مجموعی تعداد 1677 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس نے مزید 988 افراد کو متاثر کیا جبکہ 26 اموات کا اضافہ بھی ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 988 افراد ایسے تھے جن میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس سے مجموعی کیسز 84 ہزار587 تک پہنچ گئے۔

اس کے علاوہ 26 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے مجموعی اموات کی تعداد 1955 ہوگئیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں 81 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 2 افراد انتقال کرگئے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے 81 نئے کیسز کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 13 ہزار 731 تک پہنچ گئی۔

مزید یہ کہ کورونا وائرس سے 2 افراد دم توڑ گئے اور اس طرح مجموعی اموات 142 تک پہنچ گئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے مطابق کورونا کیسز میں 354 کا اضافہ ہوگیا جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 29 ہزار 406 ہوگئی۔

صوبے میں مزید 9 مریض وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد یہاں مجموعی اموات 1063 ہوگئی ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز کافی حد تک کم ہوگئے ہیں اور آج مزید 10 نئے متاثرین رپورٹ ہوئے جبکہ ایک فرد کا انتقال ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت میں ان 10 نئے کیسز سے مجموعی متاثرہ افراد کی تعداد 1605 ہوگئی۔

اسی طرح ایک فرد کے انتقال کرنے سے یہ تعداد 30 سے بڑھ کر 31 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

ملک میں اب تک سب سے کم متاثر علاقہ آزاد کشمیر ہے جہاں آج مزید 40 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سامنے آنے والے ان کیسز کے بعد اب تک کے کیسز کی تعداد 1459 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے جو دیگر مریضوں کے لیے حوصلہ افزا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4 ہزار 346 مریض شفایاب ہوگئے۔

جس کے بعد اب تک ملک میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 45 ہزار 311 تک جاپہنچی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 242740

اموات: 5032

صحتیاب: 145311

فعال کیسز: 92397

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 900 ہیں تو وہیں پنجاب میں 84 ہزار 587 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 29 ہزار 406 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 52 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 13 ہزار 731، گلگت بلتستان میں 1605 اور آزاد کشمیر 1459 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 1955

سندھ: 1677

خیبرپختونخوا: 1063

بلوچستان: 124

اسلام آباد: 142

آزاد کشمیر: 40

گلگت بلتستان: 31


پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات ساڑھے 4 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024