• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کی خود سے متعلق جھوٹی خبروں پر وضاحت

شائع July 8, 2020
ماضی میں بھی گلوکار کے حوالے سے افواہیں گردش کرتی رہی ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
ماضی میں بھی گلوکار کے حوالے سے افواہیں گردش کرتی رہی ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

معروف لوک اور عوامی گلوکار 69 سالہ عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی گزشتہ چند سال سے علیل ہیں اور سوشل میڈیا پر ان کی علالت سے متعلق غلط خبریں وائرل ہوتی رہتی ہیں۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی کے حوالے سے افواہیں وائرل ہوئیں کہ وہ علالت کے بعد انتقال کر گئے، جس پر لوک گلوکار کو وضاحت کرنی پڑی۔

اپنی زندگی سے متعلق جھوٹی خبریں وائرل ہونے کے بعد عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے اپنے فیس بک پر وضاحتی پوسٹ اور ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے حوالے سے چلنے والی تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔

عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے مختصر پوسٹ میں لکھا کہ آج پھر ان کے حوالے سے غلط خبریں گردش میں ہیں، ساتھ ہی انہوں نے وضاحت کہ وہ مداحوں کی دعاؤں سے روبہ صحت ہیں۔

گلوکار نے پوسٹ کے ساتھ وضاحتی ویڈیو بھی جاری کی جس میں بھی وہ اپنے حوالے سے غلط خبروں کو مسترد کرتے دکھائی دیے۔

مختصر ویڈیو میں عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی صحت مند اور خوش دکھائی دیے اور انہوں نے مداحوں کی صحت یابی کے لیے بھی دعائیں کیں۔

ویڈیو میں گلوکار نے کہا کہ وہ مداحوں کی دعاؤں سے خیریت سے ہیں اور وہ دعا کرتے ہیں کہ باقی لوگ بھی ہمیشہ خوش رہیں۔

مختصر ویڈیو میں گلوکار نے مداحوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا اور وہ بلکل صحت مند دکھائی دیے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی کو اپنی زندگی سے متعلق پھیلنے والی جھوٹی خبروں پر وضاحت کرنی پڑی ہو، اس سے قبل بھی انہوں نے یا ان کے اہل خانہ نے ایسی ہی جھوٹی خبروں پر وضاحتی کی تھیں۔

گلوکار 2018 کے بعد مختلف اوقات میں کچھ بیماریوں کے باعث مختصر وقت کے لیے ہسپتال میں زیر علاج بھی رہے اور اسی دوران ہی ان کے حوالے سے غلط خبریں وائرل ہوئیں۔

گزشتہ 2 سال میں متعدد بار ان کے حوالے سے غلط خبریں وائرل ہوئیں اور رواں برس اپریل میں بھی ان کے حوالے سے غلط خبریں وائرل ہوئی تھیں اور اب حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک بار پھر ان کے حوالے سے خبریں وائرل ہوئیں تو انہوں نے وضاحتی ویڈیو جاری کی۔

عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی 1951 میں پنجاب کے شہر میانوالی کے علاقے عیسیٰ خیل میں پیدا ہوئے، جس وجہ سے وہ عیسی خیلوی کہلواتے ہیں۔

گلوکار 2019 میں انتہائی علیل بھی ہوگئے تھے—فائل فوٹو: فیس بک
گلوکار 2019 میں انتہائی علیل بھی ہوگئے تھے—فائل فوٹو: فیس بک

انہوں نے زمانہ طالب علمی سے ہی حمد، نعت اور گیت گانے کا آغاز کیا تھا تاہم انہوں نے پروفیشنل گلوکاری 1970 کے بعد شروع کی اور دیکھتے ہی دیکھتے مقبول ہوگئے۔

میانوالی کے نیازی خاندان میں پیدا ہونے والے عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی آنے والے سالوں میں ملک بھر میں اپنی منفرد آواز کی وجہ سے اتنے مقبول ہوگئے کہ ٹرکوں پر ان کی تصاویر بنائی جانے لگیں۔

اندازے کے مطابق عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے 50 ہزار کے قریب گیت گائے اور انہوں نے پنجابی، سرائیکی، اردو اور سندھی سمیت دیگر زبانوں میں بھی گلوکاری کی۔

عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے کوک اسٹوڈیو سمیت فلموں کے لیے بھی گیت گائے جب کہ ان کے گانوں کو بھارتی فلم سازوں نے بھی اپنی فلموں میں شامل کیا۔

گلوکار نے متعدد بیرون ممالک میں بھی میوزک کنسرٹ کیے ہیں—فوٹو: فیس بک
گلوکار نے متعدد بیرون ممالک میں بھی میوزک کنسرٹ کیے ہیں—فوٹو: فیس بک

عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی کا ایک بیٹا سانول عیسیٰ خیلوی بھی گلوکاری کی شروعات کر چکا ہے جب کہ ان کی ایک بیٹی لاریب عطا ہولی فلموں میں تکنیکی خدمات سرانجام دیتی ہیں۔

عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ انہوں نے تین سے زائد شادیاں کیں اور انہیں 4 بچے ہیں، تاہم کبھی انہوں نے اپنے خاندان کے حوالے سے کھل کر بات نہیں کی۔

عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی سیاسی طور پر متحرک رہے ہیں، ابتدائی طور پر ان کی ہمدردیاں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ساتھ تھیں، تاہم 2013 کے بعد ان کی ہمدریاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے وابستہ ہوگئیں اور انہوں نے عمران خان کی پارٹی کے لیے گانے بھی تیار کیے جو بے حد مقبول ہوئے۔

شاندار گلوکاری کے باعث عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی کو حکومت پاکستان سمیت موسیقی کے دیگر اداروں اور تنظیموں کی جانب سے متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024