• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا وائرس کے خلاف اجتماعی مدافعت کا حصول ناممکن قرار

شائع July 8, 2020
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو

کسی آبادی کے بڑے حصے میں نوول کورونا وائرکس کے خلاف اجتماعی مدافعت یا ہرڈ امیونٹی کا حصول لگ بھگ ناممکن ہے کیونکہ اکثر مریضوں میں اس بیماری کے خلاف مزاحمت کرنے والی اینٹی باڈیز چند ہفتوں میں غائب ہوجاتی ہیں۔

یہ بات اسپین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ہرڈ امیونٹی یا اجتماعی مدافعت کا مطلب یہ ہے کہ کسی ملک کی آبادی کے بڑے حصے میں وائرس کے خلاف مزاحمت پیدا کرنے کے لیے انہیں اس سے متاثر ہونا دیا جائے، جس سے صحتیاب ہونے کے بعد ان کے اندر اس بیماری کے خلاف مدافعتی اینٹی باڈیز بن جائیں گی۔

اس تحقیق کے لیے اسپین کی حکومت نے اپنے ملک کے اہم وبائی امراض کے ماہرین کی خدمات حاصل کرکے دریافت کرنے کی کوشش کی تھی کہ کتنے فیصد آبادی میں کورونا وائرس سے بچانے والی اینٹی باڈیز بن چکی ہیں۔

طبی جریدے دی لانسیٹ میں شائع تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ملک بھر میں صرف 5 فیصد آبادی میں ہی وائرس کی روک تھام کرنے والی اینٹی باڈیز بن سکیں۔

یہ اس وقت ہے جب اسپین کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے چند بڑے ممالک میں سے ایک ہے۔

تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں 14 فیصد افراد میں کورونا وائرس اینٹی باڈیز ٹیسٹ مثبت رہا مگر چند ہفتوں بعد وہ اینٹی باڈیز غائب ہوگئیں۔

محققین کا کہنا تھا کہ امیونٹی نامکمل ہے اور ایسا نظر آتا ہے کہ وہ بہت مختصر وقت کے لیے ہوتی ہے اور پھر غائب ہوجاتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نتائج سے یہ بھی معلوم ہوا کہ کووڈ 19 کی معتدل شدت یا بغیر علامات والے مریضوں میں اینٹی باڈیز بہت کم وقت لیے موجود رہتی ہیں۔

ان کے بقول ہر وہ فرد جس کا اینٹی باڈی ٹیسٹ مثبت رہا ہو، وہ یہ تصور نہ کریں کہ وہ محفوظ ہے۔

آسان الفاظ میں کورونا وائرس کے مریضوں میں کووڈ 19 سے دوبارہ متاثر ہونے کا خطرہ ہوسکتا ہے۔

اس سے قبل امریکا اور چین میں ہونے والی تحقیقی رپورٹس میں بھی دریافت کیا تھا کہ اجتماعی مدافعت کا حصول ممکن نہیں۔

اسپین کے ماہرین کا کہنا تھا کہ نتائج کی روشنی میں ہم کہہ سکتے ہیں کہ اجتماعی مدافعت کے حصول کے لیے کوئی بھی مجوزہ حکمت عملی نہ صرف بہت زیادہ غیراخلاقی بلکہ ناقابل حصول ہے۔

اس تحقیق کے دوران 61 ہزار سے زائد افراد کے اینٹی باڈیز ٹیسٹ ہوئے تھے جو کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے اور نتائج سے اجتماعی مدافعت کے خیال کو مسترد کردیا گیا۔

اس سے قبل مئی میں سوئیڈن میں ہونے والی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اسٹاک ہوم میں صرف 7.3 فیصد افراد میں اینٹی باڈیز بن سکی تھیں حالانکہ وہاں سخت لاک ڈاؤن کا نفاذ نہیں ہوا تھا۔

طبی ماہرین نے اس حکمت عملی کو اجتماعی مدافعت کے حصول کی کوشش قرار دیا گیا مگر اب نئی تحقیق کے نتائج سے ایسا ممکن نظر نہیں آتا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024