• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

سندھ میں ایک ہزار 708 کیسز کی تصدیق، ملک میں متاثرین 2 لاکھ 33 ہزار سے زائد ہوگئے

شائع July 6, 2020 اپ ڈیٹ July 7, 2020
ملک میں مزید ایک ہزار 819 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے —فائل فوٹو: رائٹرز
ملک میں مزید ایک ہزار 819 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے —فائل فوٹو: رائٹرز

دنیا بھر میں ایک کروڑ 15 لاکھ افراد کو اپنا شکار بنانے اور 5 لاکھ 34 ہزار سے زائد ہلاکتوں کا باعث بننے والے مہلک کورونا وائرس کے پاکستان کو متاثر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

آج 6 جولائی کو سامنے آنے والے کورونا کے نئے اعداد و شمار کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار 646 جبکہ اموات 4 ہزار 818 تک پہنچ گئیں۔

ملک میں پیر کو کورونا وائرس کے 2629 نئے کیسز اور 73 اموات رپورٹ ہوئیں، اسی طرح مزید ایک ہزار 819 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے۔

یاد رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پہلے دو کیسز ایک ہی دن یعنی 26 فروری کو کراچی اور گلگت بلستان میں سامنے آئے تھے اور 4 ماہ کے بعد پاکستان کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں 12ویں نمبر پر ہے۔

تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ گزشتہ 15 روز کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں کافی حد تک کمی دیکھنے میں آئی۔

اگرچہ پاکستان میں اس وائرس کا پھیلاؤ لگائے گئے اندازوں کے مطابق نہیں ہے تاہم اس کے باوجود کیسز اور اموات کی تعداد باعث تشویش ہیں۔

ملک میں پہلے کیس کے بعد سے 31 مارچ تک متاثرہ افراد کی تعداد لگ بھگ 2 ہزار کے قریب تھی جبکہ 26 اس بیماری کے باعث لقمہ اجل بنے تھے تاہم اپریل میں کیسز بڑھنا شروع ہوئے اور ایک ماہ میں یہ ساڑھے 16 ہزار کے مجموعی ہندسے کو عبور کرگئے جبکہ اموات 385 تک جاپہنچیں۔

مئی کا مہینہ صورتحال میں یکسر تبدیلی کا باعث بنا اور مہینے کے آخر تک کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

جس کے بعد جون کے مہینے میں کیسز کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھا گیا اور ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 6 ہزار سے زائد تک جا پہنچی تھی۔

جون کے آخری دن تک ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 2 لاکھ 12 ہزار 541 تک جا پہنچی جبکہ 4 ہزار 354 مریض زندگی کی بازی ہار چکے تھے۔

تاہم جولائی کے آغاز سے کیسز اور شرح اموات میں کمی رپورٹ ہونے کے باوجود حکام نے زور دیا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھا جائے۔

سندھ

صوبہ سندھ میں آج کورونا وائرس کے ایک ہزار 708 کیسز اور 46 اموات کی تصدیق ہوئی۔

وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پچھلے 24 گھنٹے میں 12 ہزار 479 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے تھے جن میں سے ایک ہزار 708میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4گھنٹے میں مزید 46 افراد کے انتقال کے بعد صوبے میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد ایک ہزار 572 ہوگئی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں 40 ہزار 809 افراد زیر علاج ہیں جن میں 38 ہزار 875 افراد گھروں میں آئسولیشن میں، 327 آئسولیشن مراکز میں جبکہ ایک ہزار 607 ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 623 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جن میں سے 95 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس نے مزید 646 افراد کو متاثر کیا اور 13 افراد کی ہلاکت کا سبب بنا۔

ملک میں کورونا وائرس کے اعداد و شمار بتانے کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 81 ہزار 963 ہوگئی۔

اس کے علاوہ صوبے میں مزید 13 افراد زندگی کی بازی ہار گئے یوں اب تک ایک ہزار 884 مریض اس وبا کے سبب لقمہ اجل بنے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس سے مزید 85 افراد متاثر ہوئے جبکہ 3 افراد جاں بحق ہوئے۔

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متاثر ہونے والے ان افراد کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 13 ہزار 494 تک پہنچ گئی۔

علاوہ ازیں وہاں مزید 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور اموات کی مجموعی تعداد 134 سے بڑھ کر 137 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 120 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 28 ہزار 236 ہوگئی۔

صوبے میں مزید 10 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 1038 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلستان میں آج کورونا وائرس نے مزید 16 افراد کو اپنا شکار بنایا۔

اس طرح گلگت بلتستان میں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک ہزار 561 ہوگئی تاہم خوش قسمتی سے اس سے کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں عالمی وبا سے مزید ایک فرد لقمہ اجل بنا اور 54 متاثر ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں وائرس کے متاثرین کی تعداد ایک ہزار 342 تک جا پہنچی ہے جبکہ اموات کی تعداد 37 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

تاہم جس طرح ملک میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آرہے ہیں اسی طرح صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں ایک ہزار 819 مریض اس وائرس سے مکمل شفایاب ہوگئے۔

اس طرح پاکستان میں ان 4 ماہ سے زائد کے عرصے میں کورونا وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد ایک لاکھ 29 ہزار 830 سے بڑھ کر ایک لاکھ 31 ہزار 649 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 233646

اموات: 4818

صحتیاب: 131649

فعال کیسز: 97179

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 96 ہزار 236 ہیں تو وہیں پنجاب میں 81 ہزار 963 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 28 ہزار 236 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار 814 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 13 ہزار 494 ، گلگت بلتستان میں 1561 اور آزاد کشمیر 1342 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب:1884

سندھ: 1572

خیبرپختونخوا: 1038

بلوچستان: 123

اسلام آباد: 137

آزاد کشمیر: 36

گلگت بلتستان: 28

پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات ساڑھے 4 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024