شادی کے بعد صدف کنول کا آئٹم گانے نہ کرنے کا اعلان
حال ہی میں اداکارہ شہروز سبزواری سے شادی کے بندھن میں بندھ جانے والی ماڈل و اداکارہ صدف کنول نے اعلان کیا ہے کہ اب وہ فلموں میں آئٹم نمبرز نہیں کریں گی۔
ماضی میں نبیل قریشی کی بلاک بسٹر فلم ’نامعلوم افراد 2‘ میں ’کیف و سرور‘ گانے پر شاندار پرفارمنس کرکے تہلکہ مچانے والی صدف کنول کے مطابق اب وہ پہلے کی طرح غیر شادی شدہ نہیں کہ آئٹم گانوں پر پرفارمنس کریں۔
انڈیپینڈنٹ اردو کو دیے گئے انٹرویو میں صدف کنول نے 2017 میں ریلیز ہونے والے اپنے مقبول آئٹم گانے ’کیف و سرور‘ پر کھل کر بات کرنے سمیت شہروز سبزواری سے شادی پر تنقید کے معاملے پر بھی کھل کر بات کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ آج بھی ’کیف و سرور‘ پر اپنی پرفارمنس کو بہترین پرفارمنس مانتی ہیں اور ان کے مطابق وہ گانا فلم میں لازم و ملزوم تھا، اس وجہ سے انہوں نے اس میں کام کیا۔
صدف کنول کے مطابق نامعلوم افراد 2 کی کہانی ایسے موڑ پر آگئی تھی کہ اگر اس میں ’کیف و سرور‘ گانا شامل نہیں کیا جاتا تو اس کی کہانی آگے بڑھ ہی نہیں سکتی تھی، اس لیے انہوں نے گانے کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے اس میں پرفارمنس کی۔
یہ بھی پڑھیں: صدف کنول کے آئٹم سانگ ’کیف و سرور‘ کی دھوم
ایک سوال کے جواب میں صدف کنول نے دعویٰ کیا کہ شہروز سبزواری کو ان کی ’کیف و سرور‘ کی پرفارمنس پر کوئی مسئلہ نہیں ہے اور آج تک انہوں نے اس گانے پر کوئی بات نہیں کی۔
انٹرویو کے دوران شہروز سبزواری نے بھی صدف کنول کے ’کیف و سرور‘ کو اپنا پسندیدہ گانا بھی قرار دیا اور کہا کہ وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ جو لازمی آئٹم نمبرز ہوں اس پر پرفارمنس کی جانی چاہیے۔
انٹرویو کے دوران شہروز سبزواری نے صدف کنول کو مضبوط دماغ، اعصاب والی لڑکی قرار دیتے ہوئے انہیں بہترین اداکارہ بھی قرار دیا اور کہا کہ وہ ہر لباس اور ادا میں رنگ جاتی ہیں۔
دونوں نے اپنی آنے والی ٹیلی فلم ’گھر کے نہ گھاٹ کے‘ پر بھی بات کی اور کہا کہ مذکورہ فلم میں بھی انہوں نے میاں بیوی کا کردار ادا کیا ہے اور فلم کو عید الاضحیٰ پر نجی ٹی وی چینل اے آر وائے پر ریلیز کیا جائے گا۔
انہوں نے ٹیلی فلم کی کہانی پر مزید بات کرنے سے گریز کیا اور اپنی شادی پر ہونے والی تنقید پر بھی کھل کر بات کی۔
مزید پڑھیں: افواہیں حقیقت میں تبدیل، شہروز سبزواری اور صدف کنول ایک ہوگئے
دونوں نے اعتراف کیا کہ انہیں اپنی شادی پر ہونے والی تنقید سے کوئی فرق نہیں پڑا جب کہ صدف کنول نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان پر مزید تنقید کی جائے تا کہ ان کے گناہ دھل جائیں۔
خیال رہے کہ صدف کنول اور شہروز سبزواری نے رواں برس 31 مئی کو سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے اپنی شادی کا اعلان کیا تھا۔
دونوں نے طویل عرصے تک رہنے والی چہ مگوئیوں کے بعد تصدیق کی کہ اب وہ ایک ہوگئے ہیں۔
دونوں کے درمیان تعلقات کی خبریں گزشتہ برس دسمبر میں اس وقت آنا شروع ہوئیں جب کہ شہروز سبزواری اور ان کی پہلی اہلیہ سائرہ یوسف کے درمیان علیحدگی کی خبریں سامنے آئیں اور بتایا گیا تھا کہ سائرہ اور شہروز میں علیحدگی کا سبب صدف اور شہزور کے درمیان تعلقات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سائرہ اور شہروز سبزواری کے درمیان طلاق ہوگئی
ابتدائی طور پر شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف کی علیحدگی کی خبروں کے حوالے سے بھی شہروز سبزواری کے اہل خانہ نے تردید کی تھی تاہم بعد ازاں دونوں کے درمیان علیحدگی کی تصدیق کردی گئی تھی۔
علیحدگی کی تصدیق ہوتے ہوئی سائرہ یوسف اور شہبروز سبزواری کے درمیان طلاق کی خبریں بھی سامنے آئیں اور ابتدائی طور پر طلاقوں کی خبروں کو بھی افواہ قرار دیا گیا تھا لیکن بعد ازاں مارچ 2020 میں دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔
سائرہ اور شہزور نے 2012 میں شادی کی تھی اور دونوں کو 6 سالہ بیٹی نورے بھی ہے، ان کی جوڑی کا شمار شوبز انڈسٹری کی مقبول اور خوبصورت جوڑیوں میں ہوتا تھا۔
طلاق کے 2 ماہ بعد ہی شہروز سبزواری نے صدف سے شادی کی تصدیق اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے کی تو مداحوں نے ان کی شادی پر شدید تنقید کی تھی اور ماڈل صدف کنول پر ذاتی حملے بھی کیے گئے۔