• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نوشین جاوید کی جگہ محمد جاوید غنی نئے چیئرمین ایف بی آر تعینات

شائع July 4, 2020
پاکستان کسٹم سروس کے 22ویں گریڈ کے افسر محمد جاوید غنی کو چیئرمین ایف بی آر کا اضافی عہدہ دے دیا گیا— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
پاکستان کسٹم سروس کے 22ویں گریڈ کے افسر محمد جاوید غنی کو چیئرمین ایف بی آر کا اضافی عہدہ دے دیا گیا— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

حکومت پاکستان نے نوشین جاوید خان کی جگہ 22ویں گریڈ کے افسر محمد جاوید غنی کو چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا اضافی عہدہ دے دیا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت پاکستان نے محمد جاوید غنی کو تین ماہ کے لیے یا کسی اور افسر کی تقرری تک چیئرمین ایف بی آر کے عہدے پر تعینات کیا ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

مزید پڑھیں: شبر زیدی فارغ، نوشین جاوید ایف بی آر کی نئی سربراہ تعینات

نوٹیفکیشن کے مطابق جاوید غنی پاکستان کسٹمز سروس کے 22ویں گریڈ کے افسر ہیں جو بطور ایف بی آر رکن تعینات ہیں۔

جاوید غنی کی ٹوئٹر پروفائل کے مطابق انہوں نے واروک یونیورسٹی سے انٹرنیشنل اکنامک لا میں ایل ایل ایم کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

جاوید غنی کو ایف بی آر سربراہ کی اضافی ذمے داری سونپنے کی سمری کی منظوری وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے دی۔

ادھر سابقہ چیئرمین ایف بی آر نوشین جاوید امجد کا تبادلہ کردیا گیا ہے اور انہیں سیکریٹری قومی ورثہ اور ثقافتی ڈویژن تعینات کردیا گیا ہے اور اس کا اطلاق بھی فوری طور پر ہوگا۔

واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں حکومت نے شبر زیدی کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹاتے ہوئے نوشین جاوید امجد کو نیا چیئرپرسن تعینات کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شبر زیدی کے دوبارہ چھٹیوں پر جانے سے ایف بی آر غیر یقینی صورتحال کا شکار

یہ فیصلہ اس لیے لیا گیا تھا کہ رواں سال جنوری میں سابق چیئرمین شبر زیدی طبیعت ناساز ہونے کے سبب غیر معینہ مدت کے لیے چھٹیوں پر چلے گئے تھے جس کے بعد نوشین جاوید امجد قائم مقام چیئرپرسن کے طور پر فرائض انجام دے رہی تھیں، تاہم بعد ازاں ان کا مستقبل بنیادوں پر تقرر کردیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ یہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں چیئرمین ایف بی آر کے عہدے پر کی گئی چوتھی تقرری ہے۔

گزشتہ سال مئی میں حکومت نے گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین جہانزیب خان کو ان کے عہدوں سے برطرف کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر اپنے عہدوں سے فارغ

تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے کے بعد 29 اگست 2018 کو جہانزیب خان کو چیئرمین ایف بی آر تعینات کیا تھا لیکن مئی 2019 میں انہیں عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا۔

اس کے بعد 10مئی 2019 کو شبر زیدی کا بحیثیت چیئرمین ایف بی آر تقرر کیا گیا لیکن طبیعت کی ناسازی کے سبب رواں سال اپریل میں انہیں بھی عہدے سے فارغ کردیا گیا تھا۔

بعد ازاں نوشین جاوید خان کی بطور ایف بی آر چیئرپرسن تقرری کی گئی لیکن آج انہیں ہٹا کر محمد جاوید غنی کو ایف بی آر چیئرمین کا اضافی عہدہ دے دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024