• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پیمرا نے قانون کی 'خلاف ورزی' پر چینل '24 نیوز' کا لائسنس معطل کردیا

شائع July 3, 2020
لائسنس کی کیٹگری پر اعتراض کے حوالے سے چینل کے موقف کو نظر انداز کر کے یکطرفہ کارروائی کی گئی، چینل انتظامیہ — فائل فوٹو
لائسنس کی کیٹگری پر اعتراض کے حوالے سے چینل کے موقف کو نظر انداز کر کے یکطرفہ کارروائی کی گئی، چینل انتظامیہ — فائل فوٹو

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے قانون کی مبینہ خلاف ورزی پر چینل '24 نیوز' کا لائسنس معطل کردیا۔

پیمرا سے جاری بیان کے مطابق سینٹرل میڈیا نیٹ ورک پرائیوٹ لمیٹڈ کمپنی جاری شدہ لائسنس کے تحت ویلیو ٹی وی چینل پر انٹرٹینمنٹ سے متعلق مواد چلانے کی مجاز تھی، تاہم اس نے تمام قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر '24 نیوز' کے نام سے نیوز اور حالات حاضرہ پر مبنی مواد نشر کر رہی تھی۔

بیان میں کہا گیا کہ کمپنی نے بارہا منع کرنے اور متعدد نوٹسز کے باوجود غیر قانونی طور پر نیوز اور حالات حاضرہ سے متعلق پروگرامز کی نشریات جاری رکھی۔

پیمرا نے کہا کہ اس کی جانب سے سینٹرل میڈیا نیٹ ورک پرائیوٹ لمیٹڈ کمپنی کو 7 مئی 2020 کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا گیا تھا جس کے تحت کمپنی کو نیوز و کرنٹ افیئرز مواد کو فوری بند کرنے اور منظور شدہ انٹرٹینمنٹ مواد نشر کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: لائسنس کے مطابق مواد نہ دکھانے پر پیمرا نے 'نیو ٹی وی' کا لائسنس معطل کردیا

تاہم کئی مواقع فراہم کرنے کے باوجود چینل انتظامیہ پیمرا کے احکامات پر عملدرآمد میں ناکام رہی۔

بیان میں کہا گیا کہ کمپنی کو جاری لائسنس اس وقت تک معطل کیا جارہا ہے جب تک وہ اپنی نشریات منظور شدہ پروگرامنگ مکس کے مطابق چلانے کی یقین دہانی نہیں کراتی۔

دوسری جانب چینل 24 نیوز نے لائسنس معطلی کو آزادی صحافت پر وار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ' لائسنس کی کیٹگری پر اعتراض کے حوالے سے چینل کے موقف کو نظر انداز کر کے یکطرفہ کارروائی کی گئی۔'

چینل انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ چیئرمین پیمرا نے لائسنس معطلی کا اختیار نہ ہونے کے باوجود معطلی کا حکم جاری کیا۔

مزید پڑھیں: پیمرا کا 'نیو ٹی وی' کو 10 لاکھ روپے جرمانہ، لائسنس کے مطابق مواد نشر کرنے کا حکم

واضح رہے کہ رواں سال 7 مئی کو پیمرا نے تنبیہ کے باوجود غیرقانونی نیوز و کرنٹ افیئرز پروگرام نشر کرنے پر نیو ٹی وی کے لائسنس کو فی الفور معطل کردیا تھا۔

30 اپریل کو پیمرا نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر نیو ٹی وی پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024