• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کراچی سمیت سندھ بھر میں 6 جولائی سے بارش کی پیش گوئی

شائع July 3, 2020
محکمہ صحت کے مطابق موسلا دھار بارش سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے —
فائل فوٹو: اے پی پی
محکمہ صحت کے مطابق موسلا دھار بارش سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے — فائل فوٹو: اے پی پی

محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت صوبہ سندھ کے مختلف علاقوں میں پیر (6 جولائی) سے گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش کی پیش گوئی کردی۔

اس حوالے سے محکمہ صحت سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ سندھ میں مون سون کی ہواؤں میں شدت کا امکان ہے جس سے صوبے میں خاص طور پر کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین سانگھڑ، میرپور خاص، تھرپارکر، عمر کوٹ، جامشورو اور دادو میں اتوار کی رات سے منگل تک بارشوں کا امکان ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق 6 اور 7 جولائی کو موسلا دھار بارش سے کراچی، ٹھٹہ، بدین اور حیدرآباد میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں ہیٹ ویو نہیں، ہفتہ سے موسم خوشگوار ہوجائے گا، محکمہ موسمیات

اس میں مزید کہا گیا کہ اس دوران تمام متعلقہ حکام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور الرٹ رہنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔

دوسری جانب ڈان سے بات کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز نے کہا کہ 6 جولائی سے صوبے میں مون سون کی بارشوں کا آغاز ہوگا۔

—فوٹو: قاضی حسن
—فوٹو: قاضی حسن

انہوں نے کہا کہ بارش سے قبل شہر میں 20 سے 30 ناٹیکل مائلز کی رفتار سے مٹی کے طوفان اور تیز آندھی کا امکان ہے۔

سردار فراز نے کہا کہ 8 جولائی کی صبح تک صوبے میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بارش سے قبل سمندری ہوا بند ہونے سے درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے جو 48 یا 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مٹی کے طوفان کے دوران گھر سے باہر ہونے کی صورت میں بل بورڈز یا درختوں کے نیچے نہ کھڑے ہونے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بارشوں کے دوران نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

خیال رہے کہ جہاں شہر میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے وہیں بارش کی پہلی بوند کے ساتھ بجلی منقطع ہونا بھی معمول ہے۔

اس سے قبل 4 جون کو کراچی میں شدید آندھی اور طوفان کی وجہ سے گرد و غبار کے باعث نصف سے زیادہ شہر کی بجلی غائب ہو گئی تھی جبکہ مختلف حادثات میں 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی بھی ہوئے تھے۔

شہر کے چند علاقوں میں آندھی کے ساتھ ساتھ بوندا باندی بھی ہوئی جبکہ آندھی چلنے کے نتیجے میں مختلف مقامات پر بڑے بڑے بورڈ، کھمبے اور درخت زمین بوس ہو گئے جبکہ کچھ جگہ بجلی کے تار بھی گر گئے تھے۔

کراچی میں گرمی کا زور

علاوہ ازیں محکمہ صحت کے مطابق آج (جمعے کے روز) صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا تاہم تھر پارکر، عمر کوٹ، سانگھڑ اور میر پور خاص میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں شدید آندھی، حادثات میں 4 افراد ہلاک

خیال رہے کہ گزشتہ چند روز سے کراچی سمیت سندھ بھر میں شدید گرمی اور حبس کا راج ہے لیکن اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ یہ ہیٹ ویو کا سلسلہ نہیں اور آئندہ دنوں میں گرمی کی شدت میں کمی کا امکان بھی ظاہر کیا تھا۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ شہر کا درجہ حرارت 4 جولائی سے خوشگوار ہونا شروع ہوجائے گا اور سمندری ہواؤں کی بحالی کے بعد موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق 2 جولائی کو جیکب آباد اور دادو میں سب سے زیادہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ، نوکنڈی، لاڑکانہ، موہنجو دڑو اور سبی میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کراچی میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔

گزشتہ روز ملک کے زیادہ ترعلاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا تھا تاہم جنوب مشرقی سندھ، نارووال، پاراچنار اور قلات میں بارش ہوئی تھی۔

تبصرے (1) بند ہیں

alfred Charles Jul 03, 2020 05:47pm
محکمہ صحت کا نوٹی فیکیشن یا محکمہ موسمیات کا؟

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024