• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ایمیریٹس ایئرلائن نے 'سخت شرائط' کے ساتھ پاکستان کیلئے پروازیں بحال کردیں

شائع July 2, 2020
کورونا ٹیسٹ کے نتائج 4 روز سے زیادہ پرانا نہ ہو—تصویر: ایمیریٹس فیس بک
کورونا ٹیسٹ کے نتائج 4 روز سے زیادہ پرانا نہ ہو—تصویر: ایمیریٹس فیس بک

مشرق وسطیٰ سمیت دنیا بھر میں معروف فضائی کمپنی ایمیریٹس ایئرلائن نے مسافروں کے لیے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کا نتیجہ لازمی طور پر منفی آنے کو مشروط کرتے ہوئے پاکستان کے لیے اپنی پروازیں بحال کردیں۔

واضح رہے کہ ایئر لائن نے 24 جون کو پاکستان کے لیے اپنی سروس عارضی طور پر معطل کردی تھی۔

ایک بیان میں ایئر لائن نے کہا کہ پاکستان سے آنے والے مسافروں کو ایئر لائن کی جانب سے منظور کردہ لیبارٹری سے کووڈ 19 کا ٹیسٹ کرانا لازمی ہوگا جہاں وہ اپنی بکنگ ریفرنس اور پاسپورٹ کی کاپی پیش کریں گے۔

مزید پڑھیں: برطانیہ نے بھی قومی ایئرلائن کی پروازیں معطل کردیں

انہوں نے کہا کہ مسافروں کو چیک اِن کے وقت اپنے کورونا ٹیسٹ رپورٹ پیش کرنی ہوگی جو 4 روز سے زیادہ پرانی نہیں ہونی چاہیے۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایئر لائن نے واضح کیا کہ 'کورونا ٹیسٹ (پی سی آر) اور سرٹیفکیٹ کی قیمت مسافر برداشت کریں گے'۔

واضح رہے کہ 24 جون کو ابوظہبی کی اتحاد ایئرلائنز نے پاکستان سے ہانگ کانگ جانے والے چند مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد عارضی طور پر پاکستان کے لیے اپنی خدمات معطل کردی تھی۔

5 عرب ممالک نے اپنی پروازیں بحال کردیں

دوسری جانب 5 عرب ممالک، جن میں مصر، متحدہ عرب امارات، تیونس، بحرین اور لبنان شامل ہیں، نے یکم جولائی سے سفری پابندیاں اٹھا لیں اور پروازیں بحال کردیں۔

عرب خبر رساں ادارے اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق حکام نے تمام ایئرلائنز کو پابند کیا کہ وہ فضائی امور کی انجام دہی کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا ہوں۔

مزید پڑھیں: اتحاد ایئر ویز نے بھی پاکستان سے پروازیں معطل کردیں

اس حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا کہ مصر نے کورونا وائرس کے پیش نظر 29 مارچ سے پروازیں معطل کردی تھیں۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ایمیریٹس ایئرلائن نے بھی یکم جولائی سے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا۔

ایمیریٹس ایئرلائن نے 52 شہروں کے لیے اپنی فضائی خدمات کا اعلان کیا۔

علاوہ ازیں ایمیریٹس ایئرلائن نے کورونا وائرس سے متعلق منفی نتائج آنے کو مسافروں کے لیے مشروط قرار دیا ہے۔

علاوہ ازیں تیونس نے 3 ماہ بندش کے بعد اپنے ایئرپورٹس تمام بین الاقوامی پروازوں کے لیے کھول دیے جہاں پہلی پرواز فرانس سے قرطاج پہنچی۔

مزید پڑھیں: امارات، اتحاد اور قطر ایئرلائنز کا پروازیں شروع کرنے کا اعلان

اس ضمن میں بتایا گیا کہ بحرین نے ایتھنز اور قاہرہ کے لیے شیڈول فلائٹس شروع کردیں جبکہ غیرملکی مسافروں کے لیے کورونا وائرس کا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا۔

بحرین کے مطابق تمام غیر ملکی مسافروں کو 14 دن کے لیے قرنطینہ کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں لبنان نے بھی یکم جولائی سے رفیق الحریر ایئرپورٹ، بین الاقوامی مسافروں کے لیے مخصوص شرائط کے ساتھ کھول دیے۔

واضح رہے کہ 5 جون کو ترکی نے بھی جون میں 40 ملکوں کے لیے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا اور 15 ممالک نے اس کے بدلے ترکی کے لیے فلائٹس چلانے کا اعلان کیا تھا۔

ترکی نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اپنی سرحدیں بند کردی تھیں لیکن وائرس سے صورتحال بہتر ہونے کے بعد ملک کے اندر فلائٹس پیر سے شروع کردی گئی تھیں جس کے بعد اگلے مرحلے میں بین الاقوامی پروازیں شروع کی جائیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024