• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کراچی میں ہیٹ ویو نہیں، ہفتہ سے موسم خوشگوار ہوجائے گا، محکمہ موسمیات

شائع July 2, 2020
سردار سرفراز کے مطابق بدھ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا —تصویر: شٹر اسٹاک
سردار سرفراز کے مطابق بدھ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا —تصویر: شٹر اسٹاک

کراچی: شہر میں جھلسا دینے والی گرمی کا راج ہے لیکن محکمہ موسمیات کے مطابق یہ ہیٹ ویو کا سلسلہ نہیں اور آئندہ ایک سے دو روز میں گرمی کی شدت کم ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان سردار سرفراز نے کہا کہ ’شہر اس وقت ہیٹ ویو کی لپیٹ میں نہیں ہے اور جمعرات اور جمعہ سے درجہ حرارت میں کمی ہونا شروع ہوجائے گی‘۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ’ہیٹ ویو اس وقت آتی ہے جب کسی مقام کا درجہ حرارت مسلسل 5 دن تک ماہانہ اوسط درجہ حرارت سے 5 ڈگری زائد رہے جبکہ آج کل شہر کے موسم کی صورتحال کو متعدل ہیٹ ویو کہا جاسکتا ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے آئندہ 4 روز تک ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہنے کا امکان

انہوں نے مزید بتایا کہ ہوا میں نمی کا تناسب 50 سے 60 فیصد اور بلند درجہ حرارت کی وجہ سے لوگوں کو گرمی کی شدت بہت زیادہ محسوس ہورہی ہے۔

سردار سرفراز کے مطابق بدھ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ جمعرات اور جمعے کو درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے تاہم شہر میں موسم کی صورتحال گرم اور مرطوب رہے گی۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کا درجہ حرارت 4 جولائی سے خوشگوار ہونا شروع ہوجائے گا اور سمندری ہواؤں کی بحالی کے بعد ابر آلود موسم رہنے کا امکان ہے۔

ملک میں جمعہ سے مون سون سیزن کا آغاز

دوسری جانب محکہ موسمیات نے ملک میں جمعہ یا ہفتہ کے روز سے مون سون سیزن کے بھرپور آغاز کی پیش گوئی کردی۔

مزید پڑھیں: کراچی میں 17 سے 22 مئی تک ایک اور ہیٹ ویو کا امکان

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مون سون کی کم شدت کی ہوائیں جمعہ کی شام یا رات سے ملک میں داخل ہوں گی اور ہفتہ کو ان کی شدت میں اضافہ ہوجائے گا جبکہ ہفتہ کو ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی داخل ہونے کی امید ہے۔

موسم کی پیش گوئی کے مطابق آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں جمعہ کی شام سے منگل تک آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے جس کے بعد موجودہ گرم اور مرطوب موسمی صورتحال کی شدت کم ہوجائے گی۔

علاوہ ازیں بلوچستان کے مشرقی علاقوں ژوب، بارکھان، لورالائی، موسیٰ خیل، سبی اور کوہلو اور سندھ کے کچھ حصوں سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ، نواب شاہ اور میرپورخاص میں ہفتہ کی شام سے پیر تک گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مون سون میں پھیلنے والی عام بیماریاں اور احتیاطی تدابیر

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ موسلادھار بارش کے باعث ہفتہ اور اتوار کو پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر کے ندی نالوں اور پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور لاہور میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، اس دوران آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024