• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

سندھ میں لاک ڈاؤن میں 15 جولائی تک کی توسیع

شائع July 1, 2020 اپ ڈیٹ July 2, 2020
تمام تعلیمی ادارے بھی 15 جولائی تک بند رہیں گے—فائل فوٹو: اے پی پی
تمام تعلیمی ادارے بھی 15 جولائی تک بند رہیں گے—فائل فوٹو: اے پی پی

حکومت سندھ نے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن میں 15 جولائی تک کی توسیع کردی۔

محکمہ داخلہ سندھ کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق ہفتے میں دو دن کاروبار مکمل طور پر بند ہوگا اور ہفتے اور اتوار کو سبزی فروش کے علاوہ کوئی کاروبار نہیں کھلے گا۔

مزید پڑھیں: سندھ میں لاک ڈاؤن میں 30 جون تک توسیع، کاروباری اوقات میں اضافہ

علاوہ ازیں نوٹی فکیشن میں واضح کیا گیا کہ تعلیمی ادارے، شادی ہالز، بزنس سینٹرز، ایکسپو ہالز، عوامی مقامات بدستور بند رہیں گے۔

نوٹی فکیشن کا عکس
نوٹی فکیشن کا عکس

صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے لیے نئے اوقات کار بھی جاری کیے گئے ہیں جس کے تحت اب صوبے میں کاروباری سرگرمیاں پیر سے جمعہ تک صبح 6 سے شام 7 بجے تک جاری رہیں گی تاہم میڈیکل اسٹورز اور دیگر ضروری سروسز کو ان اوقات سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیاں بھی 15 جولائی تک بند رہیں گی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق بیوٹی پارلر بھی آئندہ 15 روز کے لیے بند رہیں گے۔

محکمہ داخلہ سندھ نے توسیع کا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہوم ڈیلیوری رات11بجے تک کی جاسکے گی جبکہ شام 7 بجے تمام دکانیں بند ہو جائیں گی۔

بیان میں کہا گیا کہ مخصوص علاقے سیل کرنے کا نوٹی فکیشن کمشنر کراچی جاری کریں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں چار دن کاروبار کھولنے کی اجازت، تین دن مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان

واضح رہے کہ اس سے قبل یکم جون کو حکومت سندھ نے لاک ڈاؤن کی مدت میں 30 جون تک توسیع کردی تھی.

خیال رہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر سندھ حکومت نے 23 مارچ کی رات 12 بجے سے 15 روز کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔

بتدائی طور ہر صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک کاروبار کی اجازت دی گئی تھی لیکن بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر صرف شام پانچ بجے تک کاروبار کھولنے کا اعلامیہ جاری کیا گیا تھا جبکہ بعدازاں لاک ڈاؤن میں بھی 14 اپریل تک توسیع کردی گئی تھی۔

بعدازاں ملک بھر میں وائرس کے پھیلاؤ اور کیسز کی بڑھتی ہوئی شرح کو دیکھتے ہوئے وفاقی حکومت نے لاک ڈاؤن میں 9مئی تک توسیع کردی تھی۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں ایک کروڑ لوگوں کو متاثر جبکہ 5 لاکھ سے زائد لوگوں کو ہلاک کرنے والے مہلک نوول کورونا وائرس کا پاکستان میں بھی پھیلاؤ جاری ہے اور اس سے اب تک ملک میں 2 لاکھ 15 ہزار 625 لوگ متاثر ہوچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 4 ہزار 424 تک پہنچ گئی ہے۔

تاہم اب تک اس مجموعی تعداد میں سے ایک لاکھ سے زائد افراد صحتیاب ہوکر معمول کی زندگی میں واپس آگئے ہیں۔

یکم جولائی کی صبح تک ملک میں 3084 نئے کیسز اور 68 اموات کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ 2 ہزار 299 لوگ صحتیاب ہوگئے۔

صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 139 نئے کیسز اور 29 اموات کا اضافہ ہوا ہے.

مزیدپڑھیں: سندھ میں لاک ڈاؤن کے باعث عائد پابندیاں رمضان کے آخر تک جاری رہیں گی،مرتضیٰ وہاب

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان کیسز کے بعد مجموعی تعداد 86 ہزار 795 تک پہنچ گئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 29 اموات بھی ہوئیں جس کے بعد مجموعی طور پر اموات کی تعداد 1406 تک پہنچ گئی۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8 ہزار 201 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 28 فیصد کے نتائج مثبت آئے جو 'بہت زیادہ' شرح ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024