• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

کورونا وبا: پنجاب میں کیسز 75 ہزار سے زائد، ملک میں متاثرین 2 لاکھ 12 ہزار 541 ہوگئے

شائع June 30, 2020 اپ ڈیٹ July 5, 2020
بلوچستان میں مزید 2 اموات کی تصدیق ہوئی—فوٹو:اے ایف پی
بلوچستان میں مزید 2 اموات کی تصدیق ہوئی—فوٹو:اے ایف پی
سماجی فاصلہ کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر میں سے ایک ہے—فائل فوٹو: اے پی
سماجی فاصلہ کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر میں سے ایک ہے—فائل فوٹو: اے پی

ملک بھر میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے اور آج بھی مزید نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 2 لاکھ 12 ہزار 541 تک پہنچ گئی جبکہ اموات 4 ہزار 356 ہوگئیں۔

ماہ جون کے آخری روز کی ملک بھر میں 3570 نئے کیسز اور 99 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 3 ہزار 96 مریض ایسے بھی تھے جو کورونا وائرس سے شفایاب ہوگئے۔

اس عالمی وبا سے متاثر ہونے والے افراد روز سامنے تو آرہے ہیں تاہم گزشتہ ایک ہفتے کے دوران متاثرین کی تعداد کم ہوئی ہے۔

اگر ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیں تو اس وبا کے ابتدا سے اب تک 4 ماہ سے زائد کا عرصہ گزرچکا ہے اور جون اب تک کا سب سے تشویشناک مہینہ ثابت ہوا ہے۔

خیال رہے کہ 26 فروری کو ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد سے مارچ کے آخر تک ان کیسز کی تعداد لگ بھگ 2 ہزار تھی اور 18 مارچ کو ہونے والی پہلی موت کے بعد 31 مارچ تک 26 اموات ہوئیں تھیں۔

اپریل میں وائرس کے کیسز بڑھنا شروع ہوئے اور 30 تاریخ تک یہ تعداد ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ اموات 358 ہوگئیں۔

مئی کے مہینے میں صورتحال مزید خراب ہوئی اور کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

جون اب تک سب سے تشویشناک مہینہ اس حساب سے تھا کہ 29 روز کے دوران ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد کیسز اور 2700 سے زائد اموات کا اضافہ ہوا۔

آج (30 جون کو) بھی ملک میں کورونا وائرس کے مزید کیسز اور اموات رپورٹ ہوئیں۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 2671 کیسز اور 34اموات کا اضافہ ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں ان کیسز کے اضافے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ اب تک مجموعی طور پر متاثرین کی تعداد 84 ہزار 656 ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 34 اموات ہوئیں جس سے مجموعی طور پر انتقال کرنے والوں کی تعداد 1377 ہوگئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 723 نئے کیسز اور 46 اموات کا اضافہ دیکھا گیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 723 افراد متاثر ہوئے جس سے مجموعی کیسز کی تعداد 75 ہزار 501 ہوگئی۔

اسی طرح صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 46 اموات بھی رپورٹ ہوئیں جس سے یہ تعداد 1727 تک جا پہنچی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 132 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا جبکہ ایک فرد زندگی کی بازی ہار گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق ان 132 نئے مریضوں کے بعد وفاقی دارالحکومت میں متاثرین کی تعداد 12 ہزار 775 تک پہنچ گئی۔

مزید برآں ایک فرد کے انتقال کرجانے سے اموات کی تعداد 128 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے متاثرین میں مزید اضافہ ہوا اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 483 کیسز رپورٹ ہوئے۔

محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق 483 نئے کیسز کے بعد صوبےمیں مجموعی 26 ہزار 598 ہوچکی ہے۔

صوبے میں کورونا سے متاثرہ مزید 16 افراد جان کی بازی ہار گئے اور ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 951 ہوگئی۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں اب تک ایک لاکھ 49 ہزار 498 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جبکہ 13 ہزار 67 متاثرین صحت یاب ہوئے۔

بلوچستان

بلوچستان کے محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوروناوائرس کے مزید 50 کیسز اور 2 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد بڑھ کر 10 ہزار 476 ہوگئی ہے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے اب 121 متاثرین لقمہ اجل بن گئے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 28 افراد متاثر ہوئے اور اس طرح مجموعی کیسز کی تعداد 1470 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں بھی کورونا کی وبا نے مزید لوگوں کو متاثر کیا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں 16 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی تعداد ایک ہزار 65 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

دریں اثنا ملک میں نئے کیسز کے علاوہ صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 3 ہزار 96 افراد ایسے تھے جنہوں نے اس وائرس سے شفایابی حاصل کی۔

اس طرح ملک میں اب تک مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 95 ہزار 407 سے بڑھ کر 98 ہزار 503 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 212541

اموات: 4356

صحتیاب: 98503

فعال کیسز: 109167

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 84 ہزار 656 ہیں تو وہیں پنجاب میں 75 ہزار 501 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 26 ہزار 598 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار 476 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 12 ہزار 775، گلگت بلتستان میں 1470 اور آزاد کشمیر 1065 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 1727

سندھ: 1377

خیبرپختونخوا: 951

بلوچستان: 121

اسلام آباد: 128

آزاد کشمیر: 28

گلگت بلتستان: 24


پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 4 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024