• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

قومی ٹیم دورہ انگلینڈ کے لیے مانچسٹر روانہ

شائع June 28, 2020 اپ ڈیٹ July 5, 2020
قومی ٹیم کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں لاہور ایئرپورٹ پہنچایا گیا— فوٹو: اے ایف پی
قومی ٹیم کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں لاہور ایئرپورٹ پہنچایا گیا— فوٹو: اے ایف پی

پاکستانی ٹیم تین ٹیسٹ اور تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے لیے دورہ انگلینڈ پر روانہ ہو گئی ہے جس میں وہ 10 کھلاڑی شامل نہیں جن کے کورونا کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔

دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کے ابتدائی طور پر 29رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اعلان کردہ کھلاڑیوں کے ٹیسٹ لیے گئے تو 10 کھلاڑیوں اور ایک اسٹاف کے رکن میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے 6 کھلاڑیوں کا کووڈ-19 کا دوسرا ٹیسٹ منفی آگیا

گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کا شکار ان 10 کھلاڑیوں کے بغیر 20 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا حالانکہ ان میں سے 6 کھلاڑیوں کے ٹیسٹ گزشتہ روز منفی آنے کا انکشاف کیا گیا تھا۔

بیان کے مطابق محمد حسنین، شاداب خان، فخر زمان، محمدرضوان، محمد حفیظ اور وہاب ریاض کا ٹیسٹ منفی آیا ہے تاہم وہ انگلینڈ جانے والی 20 رکنی ٹیم میں شامل ہونے سے قبل ایک مرتبہ پھر ٹیسٹ کے عمل سے گزریں گے۔

پاکستان کرکٹ نے بورڈ گزشتہ روز 20 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس میں اظہر علی، بابر اعظم، عابد علی، اسد شفیق، فہیم اشرف، فواد عالم، عامد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد موسیٰ، محمد عباس، نسیم شاہ، روحیل نذیر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، سہیل خان، عثمان شنواری، اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ اسپورٹس اسٹاف مصباح الحق، یونس خان، منیجر منصور رانا، مشتاق احمد، شاہد اسلم، عبدالمجید، طلحہٰ بٹ، یاسر ملک، ڈاکٹر سہیل سلیم، کرنل ریٹائرڈ عثمان انوری اور رضا کچلیو شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لیورپول 30 سال بعد پریمیئر لیگ چمپیئن بن گیا

پاکستانی ٹیم آج صبح خصوصی چارٹرڈ فلائٹ سے لاہور سے مانچسٹر کے لیے روانہ ہوئی اور قومی ٹیم کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں ایئرپورٹ پہنچایا گیا۔

ایئرپورٹ پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ماسک پہنے اور سماجی فاصلے کو برقرار رکھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے انگلینڈ روانگی سے قبل کہا کہ ہماری نظریں انگلینڈ کے خلاف سیریز پر مرکوز ہیں جو کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد قومی ٹیم کی پہلی کرکٹ سرگرمی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت کے بعد تمام کھلاڑی انتہائی پرجوش ہیں، انگلینڈ کا دورہ ہمیشہ بہت چیلنجنگ ہوتا ہے لیکن گزشتہ دونوں دوروں پر ہماری انگلینڈ میں کارکردگی انتہائی حوصلہ افزا رہی ہے اور ہم انہیں دہرانے کی کوشش کریں گے۔

پاکستان نے 2016 میں انگلینڈ کے خلاف 2-2 اور 2018 میں دو میچوں کی سیریز 1-1 سے ڈرا کی تھی۔

قومی ٹیم انگلینڈ پہنچنے کے بعد تیاریاں شروع کرنے سے قبل دو ہفتے آئسولیشن میں گزارے گی جس کے بعد قومی ٹیم پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل دو چار روزہ میچز کھیلے گی۔

مزید پڑھیں: پی سی بی کی جانب سے ڈومیسٹک کھلاڑیوں کے وظیفے میں اضافہ

یاد رہے کہ جن 10 کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے، ان کے دو منفی ٹیسٹ آنے کے بعد انہیں قومی ٹیم کو جوائن کرنے کی اجازت ہو گی۔

قومی ٹیم دورہ انگلینڈ میں تین ٹیسٹ اور تین ٹی20 میچ کھیلے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024