• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

لیورپول 30 سال بعد پریمیئر لیگ چمپیئن بن گیا

شائع June 26, 2020 اپ ڈیٹ July 4, 2020
مداحوں نے سماجی فاصلے سمیت دیگر اقدامات کو نظراندازکرکے جشن منایا—فوٹو:اے ایف پی
مداحوں نے سماجی فاصلے سمیت دیگر اقدامات کو نظراندازکرکے جشن منایا—فوٹو:اے ایف پی

انگلینڈ کے فٹ بال کلب لیورپول نے 30 سال کے طویل انتظار کے بعد پریمیئر لیگ کے چمپیئن کا تاج سجا لیا۔

خبر ایجنسی 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق لیور پول کے مداحوں نے کورونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں اور سماجی فاصلے سمیت دیگر حفاظتی اقدامات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے جیت کا زبردست جشن منایا۔

لیور پول نے پریمیئر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر موجود دوسری ٹیم مانچسٹر سٹی کو چوتھے نمبر کی ٹیم چیلسی کے ہاتھوں 1-2 کی شکست کے بعد چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا جبکہ ان کے مزید 7 میچ باقی تھے۔

یہ بھی پڑھیں:100 دن کے لاک ڈاؤن کے بعد انگلش پریمیئر لیگ کا آغاز

مانچسٹر سٹی نے 2018 اور 2019 میں چمپیئن بننے کا اعزاز پایا تھا لیکن لیورپول سے 23 پوائنٹس کا واضح فرق پیدا ہونے کے بعد اسےاپنے اعزاز کے دفاع میں ناکامی ہوئی۔

لیورپول کے اس وقت 86 پوائنٹس ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر موجود مانچسٹر سٹی کے پوائنٹس 63 ہیں۔

محمد صلاح اور دیگر کھلاڑیوں کی شان دار کارکردگی کے باعث لیور پول نے گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں کرسٹل پیلس کو 0-4 سے شکست دے دی تھی۔

خیال رہے کہ لیور پول آخری مرتبہ 1990 میں پریمیئر لیگ چمپیئن بنا تھا جبکہ اس اعزاز کے حصول میں کسی حد تک کورونا وائرس بھی رکاؤٹ بن گیا لیکن انتظار کے بعد اس نے چمپیئن بننے کا موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔

کوچ جرگن کلوپ کی سربراہی میں لیور پول محمد صلاح جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کی موجودگی میں گزشتہ برس چمپیئنز لیگ اور کلب ورلڈ کپ میں فاتح بن گئی تھی جبکہ گزشتہ برس صرف ایک پوائنٹ کی دوری سے مانچسٹر سٹی پریمیئر لیگ کا چمپیئن بن گیا تھا۔

جرگن کلوپ نے کامیابی کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ واقعی میں بہت اہم لمحہ ہے، میں بہت خوش ہوں'۔

انہوں نے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'مجھے امید ہے کہ آپ لوگ گھروں میں رہیں گے یا آپ چاہیں تو صرف اپنے گھر کے باہر جائیں گے لیکن اس سے زیادہ نہیں'۔

دوسری جانب لیور پول کے ہزاروں مداح جشن مناتے ہوئے سڑکوں پر نکلے جن میں سے کئی نے ماسک پہنا ہوا تھا اور نعرے لگا رہے تھے۔

مداحوں کی ایک بڑی تعداد گاڑیوں میں باہر نکلی تھی اور زور زور سے ہارن بجاتے ہوئے جشن منا رہی تھی۔

پریمیئر لیگ جیسی بڑی فتح پر دنیا بھر سے فٹ بال کے کھلاڑیوں سمیت دیگر کھیلوں کے اسٹارز نے بھی لیور پول کو مبارک باد کے پیغامات بھیجے۔

مزید پڑھیں:کورونا کی بندشیں ختم، جرمن فٹ بال لیگ کا باقاعدہ آغاز

لیورپول کے کپتان جارڈن ہینڈرسن کا کہنا تھا کہ 'ہم نے کلوپ کی پیروی کی اور ہمیں ان پر اعتماد تھا، یہ شان دار سفر تھا'۔

یاد رہے کہ انگلینڈ میں مارچ میں پریمیئر لیگ کے مقابلے کو ملتوی کردیا گیا تھا جس کے بعد لیورپول کو چمپیئن بننے کے لیے چند ماہ انتظار کرنا پڑا۔

مانچسٹر سٹی کومقابلے میں رہنے کے لیے چیلسی کے خلاف میچ میں جیت لازمی تھی لیکن 1-2 سے شکست کے بعد ان کی امیدیں دم توڑ گئیں۔

لیور پول کا یہ 19واں ٹائٹل ہے اور مانچسٹر یونائیٹڈ سے صرف ایک ٹائٹل پیچھے ہے جس نے سب سے زیادہ 20 ٹائٹل اپنے نام کیے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024