• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

شیخ رشید کا ریلوے میں ایک لاکھ لوگوں کو روزگار دینے کا اعلان

شائع June 26, 2020
وزیر ریلوے شیخ رشید اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں۔ فائل فوٹو:ڈان نیوز
وزیر ریلوے شیخ رشید اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں۔ فائل فوٹو:ڈان نیوز

وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے میں نیا نظام متعارف کرانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال ریلوے ایک لاکھ لوگوں کو روزگار دے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ بدلنے جارہی ہے اور ایک لاکھ لوگوں کے لیے روزگار کا ٹینڈر جلد سامنے آجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم ان لوگوں کو اوپن میرٹ یا خونی رشتے وغیرہ پر نہیں بلکہ میرٹ پر بھرتی کریں گے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’نیا میرٹ کا نظام مقابلے کی بنیاد ہوگا اور اس میں تمام قومیت کے لوگ شامل ہوں گے'۔

مزید پڑھی: وزیر ریلوے شیخ رشید بھی کورونا وائرس میں مبتلا

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’یہ میرا خواب تھا اور میں اس کو پورا کرنے میں میری مدد کرنے والے تمام لوگوں کا مشکور ہوں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ نالہ لئی وغیرہ جیسے چھوٹے چھوٹے مسائل بھی جلد حل کرلیے جائیں گے اور اس کے لیے مجھے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ بیٹھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ’میری خواہش ہے کہ مزدوروں کی تنخواہیں بڑھائی جائیں اور اس کے لیے آمدن کے ذرائع کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے‘۔

انہوں نے ایم ایل ون پر کام کے آغاز کے حوالے سے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے اربوں روپے ضائع کیے اور جو اصل کام تھا ایم ایل ون جس پر میں نے 16 سال پہلے دستخط کیے تھے، وہ اب میرے ہی دور میں مکمل ہوگا۔

ریلوے کے ہسپتال کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ یہ اس ہی سال مکمل ہوجائے گا اور چین سے معاہدہ کیا ہے اس ہی ایم ایل ون کے پیسوں میں ہائی ٹیکنالوجی یونیورسٹی بھی تعمیر کی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی مضبوط آواز نہیں ہے، ہم اپنے ہی گندے کپڑے ٹی وی پر دھو رہے ہیں اور ہم اپنی مخالفت کے لیے خود ہی کافی ہیں، آئندہ دنوں میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بہتر لائحہ عمل کا اجرا ہوگا اور حالات بہتری کی جانب جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر ریلوے شیخ رشید کورونا کو شکست دینے میں کامیاب

بھارت اور چین کے درمیان ہونے والی جھڑپ کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت، چین کے ساتھ اتنی جلدی الجھنے کی کوشش نہیں کرے گا اس میں اتنی صلاحیت نہیں کہ وہ مزید کوئی مصیبت اپنے سر لے، چین ہمارا آزمودہ دوست ہے اور پاکستان کی قوم چین کے ساتھ کھڑی ہے۔

بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے حکومت سے علیحدگی کے اعلان کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ‘اختر مینگل کہیں نہیں جاتا، بہت سارے مینگلوں کو جانتا ہوں، عمران خان وقت کی ضرورت ہے اور پاک فوج اور اس کے ادارے جمہوریت کی سربلندی کے لیے کھڑے ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’جو پاکستان اور پاکستان کی فوج کا دشمن ہے وہ ذلیل و خوار ہوگا‘۔

کورونا وائرس سے متاثر اور پھر صحتیاب ہونے پر انہوں نے کہا کہ ’قوم مجھ سے سبق سیکھے، مجھ پر 4 خود کش حملے ہوئے مگر اس سے کوئی فرق نہیں پڑا مگر 21 دن ہسپتال میں رہا ہوں اور سب کچھ ہل گیا ہے‘۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024