• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

برطانوی اخبار جونی ڈیپ کے دائر مقدمے کو ختم کرانے کا خواہاں

شائع June 26, 2020 اپ ڈیٹ July 20, 2020
اخبار نے اداکار کو بیوی پر تشدد کرنے والا لکھا تھا—فائل فوٹو: اے پی
اخبار نے اداکار کو بیوی پر تشدد کرنے والا لکھا تھا—فائل فوٹو: اے پی

معروف برطانوی اخبار ’دن سن‘ نے لندن کی عدالت سے درخواست کی ہے کہ اس کے خلاف ہولی وڈ اداکار جونی ڈیپ کی جانب سے دائر کیا گیا مقدمہ عدم ثبوتوں کی بنا پر خارج کیا جائے۔

جونی ڈیپ نے اپریل 2018 میں برطانوی اخبار 'دی سن‘ کے خلاف جھوٹا مضمون لکھنے پر لندن کی عدالت میں مقدمہ دائر کردیا تھا۔

’دی سن‘ نے اپنے مضمون میں جونی ڈیپ کو ’بیوی پر تشدد کرنے والا‘ شخص قرار دیتے ہوئے لکھا تھا کہ کس طرح جونی ڈیپ نے اپنی اہلیہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

مضمون میں جہاں جونی ڈیپ کو بیوی پر تشدد کرنے والے شخص کے طور پر پیش کیا گیا، وہیں ان کی سابق اہلیہ امبر ہرڈ کو ایک مظلوم خاتون کے طور پر بھی پیش کیا گیا تھا۔

اخبار کی جانب سے مضمون شائع کیے جانے کے بعد جونی ڈیپ نے اخبار کے خلاف برطانوی عدالت میں مقدمہ دائر کرتے ہوئے اخبار کے خلاف 2 لاکھ یورو ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کیا تھا اور اس کی متعدد سماعتیں ہوچکی ہیں۔

اسی کیس کی سماعت کے دوران جونی ڈیپ کے ساتھ ماضی میں رومانوی تعلقات میں رہنے والی دو اداکاراؤں نے گزشتہ ماہ 13 مئی کو ان کے حق میں بیان عدالت میں جمع کروایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’بیوی پر تشدد کرنے والا‘ لکھنے پر جونی ڈیپ کا برطانوی اخبار پر مقدمہ

فرانسیسی نژاد گلوکارہ و اداکارہ 47 سالہ ونیسا پیراڈائیز اور امریکی اداکارہ و پروڈیوسر 48 سالہ ونونا رائیڈر نے جونی ڈیپ کے حق میں بیان جمع کروایا تھا۔

جونی ڈیپ اور امبر ہرڈ نے 2015 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی
جونی ڈیپ اور امبر ہرڈ نے 2015 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی

دونوں اداکاروں کے بیانات کو جونی ڈیپ کے وکلا نے عدالت میں جمع کروایا تھا جن میں دونوں نے جونی ڈیپ کی شخصیت، ان کی عادتوں اور ان کے کردار پر کھل کر بات کرتے ہوئے انہیں شریف انسان قرار دیا تھا۔

جونی ڈیپ کی سابق خواتین دوستوں کے بعد اداکار کی سابق اہلیہ کی پرسنل سیکریٹری کیٹ جیمز نے بھی گزشتہ ماہ 18 مئی کو اداکار کے حق میں بیان جمع کروایا تھا۔

امبر ہرڈ کی سیکریٹری کے مطابق انہوں نے کافی وقت تک اداکارہ کی ذاتی سیکریٹری کی خدمات سرانجام دیں مگر انہوں نے اپنی ملازمت کے دوران ان پر شوہر کو چلاتے ہوئے نہیں دیکھا، وہ نہیں مانتیں کہ جونی ڈیپ نے امبر ہرڈ پر تشدد کیا ہوگا۔

امبر ہرڈ کی سابق ملازمہ کی جانب سے جمع کرائے گئے بیان کو عدالت نے قبول کرتے ہوئے اسے اخبار کےخلاف کیس میں اہم ثبوت قرار دیا تھا اور اسی کیس کی سماعت آئندہ ماہ جولائی کو ہونی ہے۔

تاہم سماعت سے قبل ہی دی سن اخبار کے وکلا نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ اداکار کی جانب سے دائر کیا گیا مقدمہ خارج کیا جائے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق اخبار کے وکیل ایڈم ولانسکی نے عدالت میں مقدمہ خارج کرنے کی درخواست جمع کرواتے ہوئے کہا کہ تاحال اداکار عدالت میں منشیات نہ کرنے سے متعلق ثبوت فراہم نہیں کر سکے۔

شادی کے 15 ماہ بعد ہی امبر ہرڈ نے جونی ڈیپ پر تشدد کا الزام لگایا تھا—فوٹو: ڈیلی ایکسپریس
شادی کے 15 ماہ بعد ہی امبر ہرڈ نے جونی ڈیپ پر تشدد کا الزام لگایا تھا—فوٹو: ڈیلی ایکسپریس

اخبار کے وکیل کے مطابق جونی ڈیپ نے عدالت میں اس بات کے کوئی شواہد جمع نہیں کروائےہیں کہ انہوں نے جب 2016 میں سابق اہلیہ کو آسٹریلیا میں تشدد کا نشانہ بنایا تھا، اس وقت انہوں نے منشیات خریدی تھی یا نہیں؟

اخبار کے وکیل نے جونی ڈیپ کے نشے کی عادت کو بیوی پر تشدد سے جوڑتے ہوئے کہا کہ اداکار جب بھی نشہ کرتے تھے وہ اہلیہ پر بدترین تشدد کرتے تھے اور چوں کہ کیس ہی ان کی جانب سے تشدد کیے جانے کے مضمون پر ہے اور تاحال اداکار نے ایسے شواہد جمع نہیں کروائے جن سے معلوم ہو کہ وہ نشے کے عادی ہیں یا نہیں۔

مزید پڑھیں: بیوی پر تشدد کا معاملہ، جونی ڈیپ کی '2 سابق دوست' مدد کو سامنے آگئیں

اخبار کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ اداکار کی جانب سے بیوی پر تشدد کرنے سے قبل منشیات خریدنے یا نہ خریدنے سے متعلق شواہد جمع نہیں کروائے گئے، اس لیے مقدمے کو خارج کیا جائے۔

اے پی کے مطابق عدالت آئندہ چند روز میں اخبار کے وکلا کی درخواست پر اپنا فیصلہ سنائے گی۔

جونی ڈیپ کے حق میں ونیسا پیراڈائیز اور ونونا رائیڈر نے مئی میں بیان دیا تھا—فوٹو: اے پی
جونی ڈیپ کے حق میں ونیسا پیراڈائیز اور ونونا رائیڈر نے مئی میں بیان دیا تھا—فوٹو: اے پی

اس سے قبل جونی ڈیپ اپنی اہلیہ پر تشدد کے الزامات کو مسترد کرچکے ہیں اور ساتھ ہی تسلیم کر چکے ہیں کہ وہ منشیات کئی سال سے استعمال کرتے آ رہے ہیں مگر نشے کے استعمال کا تعلق ان کی بیوی پر تشدد کے الزامات سے نہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ رواں برس 3 فروری 2020 کو جونی ڈیپ کی سابق اہلیہ اداکارہ امبر ہرڈ کی ایک آڈیو سامنے آئی تھی جس میں انہیں شوہر پر تشدد کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔

سابق بیوی کی جانب سے تشدد کا جھوٹا الزام لگائے جانے پر بھی جونی ڈیپ نے ان کے خلاف امریکی عدالت میں اپریل 2018 میں 5 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: امبر ہرڈ شوہر کی تذلیل کرتی اور نشے کی عادی تھیں، سابق ملازمہ

جونی ڈیپ کے اسی ہرجانے کے مقدمے کی سماعت رواں برس اپریل میں ہوئی تھی اور امبر ہرڈ کے وکلا نے عدالت سے اپیل کی تھی کہ جونی ڈیپ کا 5 کروڑ ڈالر کے ہرجانے کا دعویٰ خارج کیا جائے مگر عدالت نے ان کی درخواست مسترد کردی تھی۔

57 سالہ جونی ڈیپ اور 34 سالہ امبر ہرڈ کے درمیان 2011 میں تعلقات استوار ہوئے تھے اور دونوں نے فروری 2015 میں شادی کی تھی۔

شادی کے محض 15 ماہ بعد ہی امبر ہرڈ نے شوہر پر تشدد کا الزام لگاتے ہوئے مئی 2016 میں طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا اور دونوں کے درمیان 2017 کے اوائل میں طلاق ہوگئی تھی۔

امبر ہرڈ کے خلاف بھی جونی ڈیپ نے مقدمہ دائر کر رکھا ہے—فوٹو: دی بلاسٹ
امبر ہرڈ کے خلاف بھی جونی ڈیپ نے مقدمہ دائر کر رکھا ہے—فوٹو: دی بلاسٹ

کارٹون

کارٹون : 14 جنوری 2025
کارٹون : 13 جنوری 2025