• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

اتحاد ایئر ویز نے بھی پاکستان سے پروازیں معطل کردیں

شائع June 26, 2020
بیرون ملک جانے والی پروازیں یکم جولائی تک معطل کردی گئی جس میں توسیع کا امکان بھی ہے
—فائل فوٹو: اے ایف پی
بیرون ملک جانے والی پروازیں یکم جولائی تک معطل کردی گئی جس میں توسیع کا امکان بھی ہے —فائل فوٹو: اے ایف پی

راولپنڈی: اتحاد ایئر ویز نے کسی اور ایئرلائن سے ہانک کانگ جانے والے کئی مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے ایک روز بعد پاکستان کے لیے فلائٹ آپریشن معطل کردیا۔

خیال رہے کہ فلائے دبئی اور ایمریٹس کے بعد اتحاد ایئر ویز پاکستان سے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے عارضی طور پر پروازیں معطل کرنے والی متحدہ عرب امارات کی تیسری ایئرلائن ہے۔

اتحاد ایئر ویز کے عہدیدار، جنہوں نے نام ظاہر نہیں کیا، نے ڈان کو بتایا کہ اتحاد ایئرویز کی بیرون ملک جانے والی پروازیں یکم جولائی تک معطل کردی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: امارات ایئرلائنز نے پاکستانی مسافروں کیلئے خدمات عارضی طور پر معطل کردیں

انہوں نے پاکستان سے فلائٹ آپریشن کی معطلی کی وجہ نہیں بتائی لیکن عندیہ دیا کہ معطلی میں توسیع کی جاسکتی ہے۔

تاہم انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان آنے والی پروازیں جاری رہیں گی۔

خیال رہے کہ اتحاد ایئر ویز نے 55 روز کے وقفے کے بعد 13 جون سے کراچی اور لاہور سے 2 ہفتہ وار پروازیں بحال کی تھیں اور اسلام آباد سے آپریشن شروع کرنے کی منصوبہ بندی کررہی تھی۔

اس سے قبل 21 مارچ کو کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اتحاد ایئر ویز نے پاکستان کے لیے پروازیں معطل کردی تھیں۔

دوسری جانب مسافر سروسز کی معطلی کی رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے قطر ایئرویز نے ڈان کو بتایا کہ پاکستان سے آنے اور جانے والے آپریشن جاری ہیں۔

قبل ازیں فلائے دبئی نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث پاکستان کے لیے یکم اگست تک فلائٹ آپریشن معطل کردیا تھا۔

فلائے دبئی کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ پاکستان سے اماراتی شہریوں کو واپس لانے کے لیے خصوصی آپریشن جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی مسافروں میں کورونا کی تشخیص پر امارات نے خدمات معطل کرنے کا اعلان کیا، ترجمان

24 جون کو امارات ایئرلائن نے پاکستان سے دبئی کے لیے آئندہ ہفتے تک مسافروں کے لیے خدمات کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم س دوران امارات ایئرلائن اپنے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے اور کارگو خدمات انجام دینے کے لیے پروازیں جاری رکھے گی۔

اس حوالے سے ایئرلائن کے ایک ترجمان نے کہا تھا کہ ’ہماری پروازوں سے سفر کرنے والے مسافروں کے ہانگ کانگ میں کووِڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے کے اعلان کے پیشِ نظر امارات نے پاکستان سے اپنی سفری خدمات عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا‘۔


یہ خبر 26 جون، 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024